شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیںانسٹیٹیوٹ آف جینڈر اسٹڈیز کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ خواتین منایا گیا

بدھ 8 مارچ 2017 22:41

سکھر۔ 8مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2017ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیںانسٹیٹیوٹ آف جینڈر اسٹڈیز کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ خواتین منایا گیا۔ اس سلسلے میں صنفی خلا کے عنوان پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ سابق صوبائی وزیر برائے تعلیم و قانون اور حقوق نسواں کی رہنما بیرسٹر شاہدہ جمیل اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں۔

جبکہ انڈس ریسورس سینٹر کی ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر صادقہ صلاح الدین اور سرسو کی ریجنل پروگرام منیجر رقیہ لغاری اس موقع پر اعزازی مہمان تھیں۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ صنفی برابری صرف معاشی استحکام ہی نہیں بلکہ برابری، سیاست ، سماج اور ثقافتی لحاظ سے خواتین کو ترقی دینا ہے خواتین کو صحت، تعلیم اور دیگر حقوق فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بیرسٹر شاہدہ جمیل نے خواتین سے متعلق قوانین پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عظیم صوفی بزرگ اور شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی ؒ نے اپنی شاعری میں خواتین کو بہت عزت اور تکریم دی ہے۔آج کل معاشرے میں خواتین پر تشدد بڑھ رہا ہے۔ تشدد کے خاتمے کیلئے مزید سخت قوانین بنائے جائیں ۔ اس موقع پر صادقہ صلا ح الدین نے کہا کہ تعلیم میں خواتین کی نمائندگی نہ ہوے کے برابر ہے۔

سندھ میں 37000اسکول ہیں جن میں صرف 7000لڑکیوں کیلئے اسکول ہیں۔ سندھ میں 10 لاکھ سے زائد لڑکے اسکولوں میں داخل کیئے گئے جبکہ صرف 30000لڑکیاں اسکولوں میں داخل کی گئیں۔ سندھ کی 53فیصد سے زائد لڑکیاں اسکولوں میں نہیں جاتیں۔ سندھ حکومت نے اس سلسلے میں خواتین کی ترقی کیلئے اقدامات کیے ہیں۔ اس موقع پر سرسو کی ریجنل منیجر رقیہ لغاری نے کہا کہ برصغیر کی خواتین نے ہاری تحریک، تحریکِ آزادی اور حر تحریک میں گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔

محترمہ فاطمہ جناح، بیگم رعنا لیاقت علی خان، محترمہ شہید بینظیر بھٹو اور بیگم نصرت بھٹو نے خواتین کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرسو خواتین کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔ علاوہ ازیں بیرسٹر شاہدہ جمیل اور پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے ثقافتی اسٹالوں کا دورہ کیا۔ سیمینار میں اساتذہ، طلبہ و طالبات ، سول سوسائٹی کے ارکان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔