نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرایا جائیگا، ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو کی تاجر وفد کی ملاقات میں بات چیت

بدھ 8 مارچ 2017 22:41

سکھر۔ 8مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرایا جائیگا ، شادی ہال رات کے وقت اپنے مقررہ وقت پر بند کرائے جائیں گے ۔ پراپرٹی کے لین دین سے متعلق قوانین کی پاسداری کی جائیگی اور سیل سرٹیفکیٹ کے اجراء کے حوالے سے شکایات کا جائزہ لے رہے ہیں اور ان کا بھی ازالہ کیا جائیگا۔

شہر میں صفائی ستھرائی ، نکاسی آب کے مسائل سمیت ٹریفک جام کے مسئلے کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ۔ جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق یہ بات انہوں نے آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر معروف تاجر رہنما حاجی محمد ہارون میمن کی زیر قیادت 40 سے زائد تاجر تنظیموں کے عہدیداروں کے ہمراہ وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گلزار بھٹو، حاجی صابر ، فیاض خان، مولانا عثمان فیضی، بدر رفیق قریشی، خواجہ جلیل احمد ،عبدالمتین بندھانی، حاجی انور وارثی، محمد زاہد یامین ، ملک رضوان الحق و دیگر بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر رحیم بخش میتلو نے تاجر رہنمائوں کو یقین دلایا کہ شادی ہال کی ٹائمنگ سے متعلق آج 9 مارچ سے شادی ہال کے مالکان اور انتظامیہ کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں تاجر نمائندے بھی شریک ہوکر شادی ہال کے بند ہونے کے اوقات کو مشاورت کے ساتھ طے کریں ، صفائی ستھرائی سے متعلق ڈپٹی کمشنر رحیم بخش میتلو نے بتایا کہ 14 مارچ کو میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ اور میونسپل انتظامیہ کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے صفائی ستھرائی سمیت دیگر شہری مسائل پر غور کرکے انہیں حل کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے اور ٹریفک جام کے مسئلے کے حل کیلئے ہر ممکن انتظامات کیے جائیں گے۔

آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر اور وفد میں موجود تاجر تنظیموں کے عہدیداروں نے شہریوں اور تاجروں کے مسائل توجہ سے سن کر انہیں حل کرانے کی یقین دہانی پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا ۔