پاکستان کی خواتین کسی بھی شعبے میں مردوں سے پیچھے نہیں، خواتین کو برابر حقوق دینے سے ہی معاشرہ ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہوسکتا ہے

صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ کاتقریب سے خطاب

بدھ 8 مارچ 2017 22:21

کوئٹہ۔08مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2017ء) صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کی خواتین کسی بھی شعبے میں مردوں سے پیچھے نہیں خواتین کو برابر حقوق دینے سے ہی معاشرہ ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہوسکتا ہے پاکستان کی خواتین باصلاحیت اور تعلیم یافتہ ہیں جنہوں نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے محکمہ ترقی نسواں کے زیر اہتمام یو این ویمن بی آر ایس پی اور دیگر فلاحی تنظیموں کے اشتراک سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری ترقی نسواں ندیم ہاشم سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ظفر بلیدی ، سیکرٹری کھیل عصمت اللہ کاکڑ، سابق سنیٹر معروف سماجی کارکن روشن خورشید بروچہ، ڈائریکٹر ویمن ڈویلپمنٹ فتح محمد خجک اور ایپکا ضلع کوئٹہ کے نو منتخب صدر رحمت اللہ زہری کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین بڑی تعداد میں موجود تھیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں عورت کو اعلیٰ مقام حاصل ہے خواتین کی حیثیت اور انہیں باختیار بنانے کیلئے ہمیں نچلی سطح پر شعور و آگاہی پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے تقریب میںدیگر شرکاء نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنے کلچر و تہذیب و تمدن کے دائرے میں رہ کر اپنے حقوق کے ساتھ ساتھ خدمات بھی سرانجام دے رہی ہیں شرکاء نے کہا کہ پنجاب حکومت جس طرح عورت کے حقوق کیلئے کام کررہی ہے اس سے عورت کے تقدس میں بہت اضافہ ہوا ہے ہمارے صوبے میں بھی خواتین کے حقوق کیلئے اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں صوبے میں خواتین کی حیثیت سے متعلق بل منظور ہوچکا ہے جس کی روشنی میں خواتین کے تقدس اور انہیں معاشی طور پر مستحکم کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔

قبل ازیں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے یو این ویمن اوربی آر ایس پی کے تعاون سے ایک واک کا انعقاد بھی کیاگیا جس میں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے صوبے میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی خواتین میں اعزازی شیلڈ اور اسناد بھی تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :