چیف سیکرٹری بلوچستان شعیب میر کا کوئٹہ شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال، ٹریفک کی بدانتظامی، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات پر اظہاربرہمی

بدھ 8 مارچ 2017 22:21

کوئٹہ۔08مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2017ء) چیف سیکریٹری بلوچستان شعیب میر نے کوئٹہ شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال، ٹریفک کی بدانتظامی اور سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صورتحال کی فوری بہتری کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، چیف سیکریٹری نے بدھ کے روز شہر کا اچانک دورہ کیا اور صفائی ستھرائی سمیت دیگر شہری مسائل کا جائزہ لیا، چیف سیکریٹری جناح روڈ، قندھاری بازار، علمدار روڈ اور میکانگی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں گئے ، انہوں نے مذکورہ علاقوں میں ٹریفک کانسٹیبلز کی عدم موجودگی کا بھی سختی سے نوٹس لیا، چیف سیکریٹری نے سیکریٹری بلدیات کو شہر میں صحت وصفائی کی صورتحال کی بہتری ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے اور ایس ایس پی ٹریفک کو شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، چیف سیکریٹری کا کہنا ہے کہ وہ جلد دوبارہ کوئٹہ شہر کا دورہ کر کے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیں گے اور وہ صورتحال کی بہتری تک مسلسل نگرانی کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :