ملتان،لیگی ایم این اے ملک عبدالغفار ڈوگر کے خلاف جعلی ڈگری رکھنے پر کیس کی سماعت،عدالت نے فریقین وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا

بدھ 8 مارچ 2017 22:46

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مارچ2017ء) ملتان میں لیگی ایم این اے ملک عبدالغفار ڈوگر کے خلاف جعلی ڈگری رکھنے پر کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے فریقین وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا،تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے جسٹس شاہد کریم نے ممبر قومی اسمبلی ملک عبدالغفار ڈوگر کے خلاف جعلی ڈگری رکھنے پر کیس کی سماعت کی،درخواست گزار محمد نواز کھیڑا کی جانب سے ایڈوکیٹ شیخ جمشید حیات نے موقف اختیار کیا کہ حلقہ 148 سے ممبر قومی اسمبلی عبدالغفار ڈوگر کی میٹرک کی جعلی ڈگری ہے اور اس کے خلاف مقدمات بھی درج ہیں اس کے مطابق لیگی ایم این اے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے، انہوں نے مزید دلائل دئے کہ عبدالغفار ڈوگر کے پاس میٹرک کی دوہری ڈگری ہے جس میں ایک جعلی ہے شیخ جمشید حیات نے عدالت سے استدعا کی کہ جعلی ڈگری رکھنے کی بناء پر لیگی ایم اے کو نااہل کیا جائے۔

(جاری ہے)

ایم این اے عبدالغفار ڈوگر کی جانب سے ایڈوکیٹ سید محمد علی گیلانی نے موقف اختیار کیا کہ میٹرک کی اصل ڈگری پر الیکشن لڑا ہے۔ اگر کسی کو اعتراض ہے تو ہمارے خلاف الیکشن ٹریبونل میں درخواست دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایم این اے عبدالغفار ڈوگر کے خلاف سیاسی مخالفین کی ایماء پر درخواست دی گئی ہے انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ نااہلی کی درخواست کو خارج کیا جائے ابتدائی سماعت کے بعد جسٹس شاہد کریم نے لیگی ایم این اے کے خلاف نااہلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

متعلقہ عنوان :