میئو ہسپتال سرجیکل ٹاور چوہدری پرویز الہٰی کا منصوبہ، التواء میں رکھ کر لاگت میں اضافہ ہوا،میاں کامران سیف

13سال سے سرجیکل ٹاورمنصوبہ التواء میں رکھ کر لاکھوں مریضوں کو علاج سے محروم کیا گیا ریسکیو 1122کی طرح چوہدری پرویز الہٰی کے تمام منصوبے عوامی فلاح کے لیے تھے،جوائنٹ سیکرٹری مسلم لیگ لاہور

بدھ 8 مارچ 2017 20:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و جوائنٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ میئو ہسپتال سرجیکل ٹاور چوہدری پرویز الہٰی کا منصوبہ ہے جسے التواء میں رکھنے کے باعث اس کی لاگت میں اربوں روپے کا اضافہ ہوا انہوںنے کہا کہ اس منصوبہ میں آپریشن تھیٹر،انسولیشن وارڈز، سرجیکل آئی سی یوز، سرجیکل او پی ڈی، ویٹنگ ایریاز سمیت دیگر سہولیات مہیا ہونی تھیں لیکن چوہدری پرویز الہٰی کی سیاسی مخالفت میں وزیر آباد کارڈیالوجی ہسپتال، پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کی طرح یہ منصوبہ بھی مسلسل التواء کاشکار رہا اور مریض علاج کے لیے ترستے رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میاں کامران سیف نے کہا کہ 13سال سے سرجیکل ٹاور منصوبہ التواء میں رکھ کر لاکھوں مریضوں کو علا ج معالجہ کی بہترین سہولتوں سے محروم کیا گیا ۔ریسکیو 1122کی طرح چوہدری پرویز الہٰی کے تمام منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے تھے جس سے لاکھوں شہری مستفید ہونے تھے انہوںنے کہ اس منصوبہ کی دوبارہ شروع کرنے سے اس منصوبہ کی لاگت2ارب93کروڑ سے زائد پہنچ چکی ہے جس سے قومی خزانہ پر مزید بوجھ پڑے گااگر یہ منصوبہ بروقت تعمیر ہوتا تو قومی خزانے سے اربوں کی بچت ہوتی اور عوام کو علاج کی بہترین سہولیات بھی مہیا ہوتیں۔