فاطمہ جناح یونیورسٹی برائے خواتین میںخواتین کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب

بدھ 8 مارچ 2017 19:31

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2017ء) فاطمہ جناح یونیورسٹی برائے خواتین میںخواتین کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا باقاعد ہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ڈاکٹر ثروت رسول نے تقریب کے آغاز پر خطبہ استقبالیہ پیش کیااورمہمان خصوصی صدرِ جامعہ پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر اور دیگر مہمان گرامی ڈین ڈاکٹر ناہید ضیاء خان صاحبہ ، ڈاکٹر نجیب اللہ، ڈاکٹر عائشہ رفیق اور حمیرا زوالفیقار صاحبہ اور طلبات کو خوش آمدید کہا۔

ڈاکٹر ناہید ضیاء خان ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنس نے اس موقع پر خواتین کے عالمی دِن پر اظہارِخیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے خواتین کو ان کے حقوق دینے کا حکم دیا ہے اورقیامت کے دن عورتوںکے حقوق کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عورتوں کا تحفظ ملک کی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔ڈاکٹر عائشہ رفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کے حوالے سے قوانین اور ان پر عملدرآمد کے حوالے سے بات کی۔

اپنے خطاب میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ذمہ داری خواتین کی ہے کہ وہ گھروں میں اپنے بچوں کو اس بات کی تربیت دیں کہ معاشرے میں آگے چل کر خواتین کے ساتھ کیسے پیش آنا ہے اور خواتین کے کیا حقوق ہیں۔ ہمیں پروفیشنل زندگی میں مرد اور عورت کے فرق کو ترک کرنا چاہیئے۔ اگر آپ با صلاحیت ہیں تو ہر شعبہ میں اپنی قسمت کو آزمانہ چاہیے۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حمیرا ذوالفقار نے معاشرے میں خواتین کے کردار کو سراہااور خواتین کے ساتھ کام کرنے اور معاشرتی امور میں مرد اور عورت کے تفرقے کو ختم کرنے پہ زور دیا۔

انہوںنے مزید کہا کہ خواتین کی کامیابی ہرشعبہ میں نمایاں ہے۔ صدرِ جامعہ پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جامعہ فاطمہ جناح برائے خواتین پاکستان کی پہلی خواتین جامعہ ہے اور ا پنے آ غاز سے ہی طا لبا ت کو تعلیم کے ساتھ ساتھ معا شرے میں کامیاب شہری بننے کیلئے تر بیت دے رہی ہے جس کے وجہ سے جامعہ فاطمہ جناح برائے خواتین سے فارغ و تصیل طالبات مختلف شعبہ جات میں نمایاں خد مات سرانجام دے رہی ہیں۔

آج خواتین کے قومی دن کے حوالے سے ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہے کہ ہم سر اٹھا کر پر عزم انداز میں آگے بڑھیں۔آئیے انسانی حقوق کا دفاع کریں اور مل کر بہترین زندگی کے مقصد کے حصول میں ایک دوسرے سے تعاون کریں۔ تقریب کے اختتام پرتمام معزز مہمانِ گرامی اور طالبات کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔