ہمارے پاس ایم کیو ایم پاکستان کے 12اراکین قومی و صوبائی اسمبلی آنے کے لئے تیار بیٹھے ہیں،سید مصطفی کمال

متحدہ کی جانب سے جیل میں بند ایک شخص بارے ہم پر غلط الزام لگایا جارہا ہے کہ ہم اسے اپنی پارٹی میں لانے کیلئے کوشش کر رہے ہیں،چیئرمین پی ایس پی مردم شماری بہت حساس اور اہم مسئلہ ہے اس کو سیاسی نہ بنایا جائے، جو لوگ اس موقع پر مہاجر اور سندھی کا راگ الاپ رہے ہیں دراصل وہ مہاجروں اور سندھیوں کے سب سے بڑے دشمن ہیں،پریس کانفرنس

بدھ 8 مارچ 2017 20:15

ہمارے پاس ایم کیو ایم پاکستان کے 12اراکین قومی و صوبائی اسمبلی آنے ..
.کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2017ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جیل میں بند ایک شخص کے حوالے سے ہم پر غلط الزام لگایا جارہا ہے کہ ہم اسے اپنی پارٹی میں لانے کے لئے کوشش کر رہے ہیں، ہمارے پاس تو پہلے ہی سے ایم کیو ایم پاکستان کے 12اراکین قومی و صوبائی اسمبلی آنے کے لئے تیار بیٹھے ہیں،ہمیں کیا ضرورت ہے کہ جیل میں بند کسی شخص کو اپنی پارٹی میں شامل کریں،خداراء مردم شماری بہت حساس اور اہم مسئلہ ہے اس کو سیاسی نہ بنایا جائے، جو لوگ اس موقع پر مہاجر اور سندھی کا راگ الاپ رہے ہیں دراصل وہ مہاجروں اور سندھیوں کے سب سے بڑے دشمن ہیں،الطاف حسین کی جو حال ہی میں ویڈیو سامنے آئی ہے وہ اس میں پاکستان میں ہونے والے بم دھماکوں پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے رقص کر رہے ہیں،ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کے روز پاکستان ہائوس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات جن میں کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر سعید شفیق، سماجی اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی شخصیت مبشر امام، معروف آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر زبیر مرزا، اور ایکسپورٹر دانش خان کی پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کے وقع پر منعقدہ پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انیس احمد قائمخانی، وسیم آفتاب، اشفاق منگی، رضاہارون اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سید مصطفی کمال نے کہا کہ آج ہم نے ایک نیا سنگ میل عبور کیا ہے اور اب سیاسی شخصیات کے ساتھ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی بہت تیزی کے ساتھ پاک سر زمین ہپارٹی میں شمولیت اختیار کر رہی ہیں، پاک سر زمین پارٹی کے قیام کو ایک سال اور چند روز ہوئے ہیں لیکن مقبولیت کا نیا باب لکھا جارہا ہے۔ یہاں بیٹھے ہوئے میڈیا کے لوگ ان سے اچھی طرح معلومات حاصل کرلیں کہیں ان کے حوالے سے بھی یہ نہ کہہ دیا جائے کہ انھیں بھی اسٹیبلشمنٹ نے بھیجا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دو روز سے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے وسیم آفتاب کا نام لیکر کہا جارہا ہے کہ انھوں نے کراچی سینٹرل جیل جاکر وہاں ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے قیدی پر پریشر ڈالا ہے کہ وہ پاک سر زمین پارٹی میں شامل ہوجائے، انھوں نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی کو کیا ضرورت پڑی ہے کہ وہ جیل میں بند ایک آدمی کو اپنی پارٹی میں شامل کرنے کی کوشش کرے، اس کے علاوہ وسیم آفتاب کراچی سینٹرل جیل نہیں گئے۔

انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے تسلسل کے ساتھ جھوٹ بولا جارہا ہے، سید مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی میں ہمارے پاس بارہ ہزار کارکن ہیں، جبکہ حیدرآباد میں چھ ہزار، میر پور خاص میں 22سو کارکن ہیں ، اس ہی طرح سے بلوچستان میں اور خیبر پختونخوا میں بھی ہمارے ہزاروں کارکن ہیں انھیں کیا ہمارے پاس اسٹیبلیشمنٹ نے بھیجا ہے۔جبکہ خود ایم کیو ایم کے قائد اور ایم کیوا یم پاکستان کے لوگ ہم پر اسٹیبلشمنٹ سے تعلق کا الزام لگایا جاتا ہے، الطاف حسین کے حوالے سے یہ بات سامنے آچکی ہے کہ انھوں نے آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ سے ملاقات کے لئے ایک چیٹر ٹی وی اینکر کو ایک کروڑ 60لاکھ روپے دیئے تھے۔

اس کے علاوہ فاروق ستار کی جانب سے کہا جارہا تھا کہ لاپتہ لوگ ہمارے ہاں سے بازیاب ہورہے ہیں اب یہ لوگ بازیاب ہونا بند ہوگئے ہیں، اب لاپتہ افراد کے لواحقین کو چاہئے کہ وہ فاروق ستار سے رابطہ کریں۔ اور یہ بات بھی سب کے سامنے ہے کہ 22اگست کو رینجرز کا ایک افسر ٹھاکر فاروق ستار کو کس بیدردی کے ساتھ اپنے ساتھ لیکر گیا تھا، وہاں ان کے ساتھ کیا ہوا یہ اللہ ہی جانتا ہے، لیکن اس کے اگلے روزفاروق ستار نے اپنی علحیدہ پارٹی کا اعلان کردیا اب بتائیں اسٹیبلشمنٹ کے ہم ہیں یہ لوگ ،فاروق ستار ایدھی سینٹر سے چھوٹ کر نہیں اسٹیبلشمنٹ سے رہا ہوکر گئے تھے،انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے 12اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ہمارے پاس آنے کے لئے تیار بیٹھے ہوئے ہیں، اور انھوں نے ہی ہم سے رابطہ کیا ہے، ہماری اااطلاعات کے مطابق فاروق ستار نے انھیں یہ کہہ کر ڈرایا ہوا ہے کہ وہ انھیں اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے سے گرفتار کروا دیں گے۔

، انھوں نے کہا کہ ہمارا تعلق اسٹیبلشمنٹ سے ہوتا تو انیس احمد قائمخانی ایک جھوٹے مقدمے میں پانچ ماہ تک جیل میں کیوں بند رہتے۔ ہاں البتہ فاروق ستار کو متعلقہ عدالت کا جج بار بار ان کی گرفتاری کے احکامات دے رہا ہے لیکن انھیں کوئی گرفتار کرنے والا نہیںہے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ مردم شماری کو سیاسی نہ بنایا جائے اس سے ریاست کو بہت نقصان ہوگا، گنتی کا عمل ایمانداری کے ساتھ ہونا چاہئے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت ، آرمی ، عدلیہ ریاست کی بنیادیں ہیں ان کی موجودگی میں مردم شماری غلط نہیں ہونا چاہئے۔جو لوگ اس موقع پر مہاجر اور سندھی کا راگ الاپ رہے ہیں ان بڑا مہاجروں اور سندھیوں کا کوئی دشمن نہیں ہوگا۔ دراصل مردم شماری بہت حساس اور اہم مسئلہ ہے اس کے ذریعے سے ہی پاکستان کی عمارت کی مضبوط بنیاد رکھی جائے گی۔ ہمیں پاکستان کی اس عمارت کو بچانا ہے، انھوں نے پاکستان میںدیہی آبادی کا 60فیصد شہروں میں منتقل ہوچکی ہے، یہ ایک حقیقت ہے ، اور یہ پاکستان میں ہی نہیں ساری دنیا میں ایسا ہورہا ہے،اور یہ بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے۔

اور دیہاتوں سے لوگ بڑی تعداد میں شہروں میں منتقل ہورہے ہیں۔ میں سوال پوچھتا ہوں کہ کیا ہماری ریاست اتنی کمزور ہوچکی ہے کہ وہ صحیح گنتی بھی نہیں کرسکتی۔انھوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو مہاجروں کا درد جاگ اٹھا ہے، یہ صرف ڈرامہ ہے ، جب کراچی کو کوڑے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا گیا تھا ، بلدیاتی حکومتوں سے اختیارات لے لئے گئے تھے تو یہ لوگ کہاں تھے۔

یہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ پاک سر زمین پارٹی والوں نے مہاجروں کو مینڈیٹ تقسیم کردیا ہے، اس کا مطلب یہ ہوا کہ ان لوگوں نے ہماری اہمیت کو تسلیم کر لیا ہے، اور ہمیں سرٹیفکیٹ مل گیا ہے۔میں اس الزام کو مثبت انداز میں تسلیم کرتا ہوں، میں مہاجروں سے مخاطب ہوکر کہنا ہوں کہ یہ لو گ ہمیشہ کی طرح سے تمھیں ایک مرتبہ پھر سبز باغ دکھا رہے ہیں، ان میں ایک دم سے مہاجروں کا درد کیسے پیدا ہوگیا ہے، یہ لوگ تو جرائم کے پارٹنر رہے ہیں، یہ لوگ جتنی جتنی مرتبہ مہاجر مہاجر کرتے ہیں اتنی ہی مرتبہ کراچی میں رہنے والی دوسری قومیتیں خوفزدہ ہوجاتی ہیں، ان کے بار بار مہاجر مہاجر کہنے سے اردو بولنے والا مہاجر نہیں آئے گا۔

میں مہاجروں سے کہتا ہوں کہ ان کا فائدہ کراچی میں رہنے والی تمام برادریوں کے ساتھ جڑ کر رہنے میں ہے،اب ایک مرتبہ پھر مردم شماری کے موقع پر لسانیت کا گھنائونا کھیل کھیلا جارہا ہے۔آج یہ لوگ جو مہاجروں سے ہمدردی کی باتیں کر رہے ہیں ان کی ٹیلیفونک گفتگو سنا دی جائے تو ان کی حقیقت عوام کے سامنے آجائے گی۔انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم لندن کے کنوینئر ندیم نصرت ہر تیسرے ہفتہ میں امریکہ جاتے ہیں اور وہاں راء کے لوگوں سے ملاقاتیں کرتے ہیں اور راء سے پیسہ لیکر آتے ہیں، الطاف حسین کی جو تازہ ویڈیو سامنے آئی ہے دراصل وہ اس میں پاکستان میں ہونے والے بم دھماکوں پر خوشی منا رہے ہیں اور ڈانس کرر ہے ہیں، اور جب پاکستان میں کامیابی سے پی ایس ایل کروادیا گیا اوراورامن و امان پر قابو پالیا گیا تو یہ بات الطاف حسین کو اچھی نہیں لگی اور پھر سے پاکستان کو گالیاں دے رہے ہیں۔