جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق سے عبدالرشید ترابی کی اہم ملاقات،مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

حکو مت پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے فوری طور پر تجربہ کار نائب وزیر خارجہ کا تقرر کرے،سراج الحق

بدھ 8 مارچ 2017 14:10

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق سے عبدالرشید ترابی کی اہم ملاقات،مسئلہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق سے امیر جماعت اسلامی و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشیدترابی کی اہم ملاقات ،مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال،ترجمان کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قومی کانفرنس میں مشاورت کے بعد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور جامع حکمت عملی تشکیل دینے کے لیے ایجنڈا حکومت پاکستان کو ارسال کر دیا ہے ،حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے فوری طور پر با صلاحیت اور تجربہ کار نائب وزیر خارجہ کا تقرر کرے جو عالمی سطح پر کشمیر کے حوالے سے سفارتی سرگرمیوں کو منظم کرے ،OICکا سربراہی اجلاس مسئلہ کشمیر پر اسلام آباد میں بلوایا جائے مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر ہندوستان مظالم ڈھا رہا ہے حکومت اور سفارت خانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کو دنیا میں بے نقاب کریں اگر ایسا نہیں ہو گا تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی ،جماعت اسلامی اول روز سے کشمیر کاز سے وابستہ ہے اور جب تک کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق حق خودارادیت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مل نہیں جاتا اس وقت تک ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں پاکستان کے 20کروڑ عوام کشمیریوں کی آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں ،حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت کو NFCایوارڈ میں صوبوں کے برابر حصہ دے،پن بجلی کے منصوبوں میں بھی کشمیریوں کو حصہ دیا جائے متاثرین زلزلہ کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے جو رقم منتقل ہوئی ہے وہ بھی واپس کی جائے اور حکومت پاکستان فراخ دلانہ طور پر مزید امداد بھی آزاد کشمیر حکومت کو کرے تا کہ آزاد کشمیرکے مسائل حل ہوں تعمیر و ترقی تیز ہو سکول کالجز اور ہسپتال بن سکیں ،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ ہندوستان مسلم تشخص کو ختم کرنے کی سازشیں کررہا ہے مدارس بند اور علماء پر پابندی عائد کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جو کہ تشویش ناک ہے اس حوالے سے حکومت پاکستان حکمت عملی تشکیل دے ،سراج الحق نے سینٹ میں کشمیریوں کی ترجمانی کی ہے جس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان اور اس سے نظریاتی وابستگی رکھنے والی عالمی اسلامی تحریکیں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کررہی ہیں اسی طرح دیگر جماعتوں کو بھی اپنے اپنے روابط کو برائو کار لاکر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا چاہیے اور حمایت حاصل کرنی چاہیے تا کہ کشمیری اپنی آزادی کی منزل حاصل کر سکیں ۔