ایرانی بحریہ کے غیر پیشہ وارانہ رویے پر پینٹاگون برہم

امریکی ٹریکنگ شپ یو ایس این ایس انونسیبل طاقتور ریڈار سے لیس جہاز ہے جو بیلسٹک میزائل ٹریجیکٹریز پر بھی نظر رکھ سکتا ہے

بدھ 8 مارچ 2017 13:15

ایرانی بحریہ کے غیر پیشہ وارانہ رویے پر پینٹاگون برہم
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2017ء) گذشتہ ہفتے کے دوران خلیج فارس اور خلیج عمان کے درمیان واقع آبنائے ہرمز میں یکے بعد دیگرے ہونے والے 2 واقعات کے بعد امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے ایرانی بحریہ کے غیر پیشہ وارانہ رویے پر برہمی کا اظہار کردیا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ جمعرات (2 مارچ) کو ایرانی جنگی جہاز، یو ایس این ایس انونسیبل نامی ٹریکنگ شپ کے 150 گز کی حد میں آگیا۔

اس واقعے کے بعد ہفتہ (4 مارچ) کو بھی امریکی ٹریکنگ شپ سمیت دیگر کشتیوں کے 350 گز کی حد میں مختلف ایرانی جہاز تیرتے دکھائی دیئے۔پینٹاگون ترجمان نیوی کپتان جیف ڈیوس نے ان دو واقعات کو غیر محفوظ اور غیر پیشہ وارانہ رویہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں مواقع پر تصادم سے بچنے کے لیے امریکی جہاز کو اپنا رخ تبدیل کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

واقعات پر مزید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ پرہجوم سمندروں میں ایرانی سرگرمیوں میں بڑی حد تک بہتری دیکھنے میں آئی ہے تاہم اس طرح کا رویہ کسی حادثاتی اشتعال انگیزی کا سبب بن سکتا ہے جو امریکا نہیں چاہتا۔

خیال رہے کہ پینٹاگون اس سے قبل بھی ایران کے سمندر میں ہونے والے اہم واقعات پر اپنی تشویش کا اظہار کرچکا ہے، جن میں امریکی جہازوں کے گرد ایرانی انقلابی گارڈ کورپس کی سرگرمیاں شامل تھیں اور متعدد مواقع پر امریکی جہاز کو وارننگ فائرز بھی کرنا پڑے تھے۔یہ بھی یاد رہے کہ امریکی ٹریکنگ شپ یو ایس این ایس انونسیبل طاقتور ریڈار سے لیس جہاز ہے جو بیلسٹک میزائل ٹریجیکٹریز پر بھی نظر رکھ سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :