پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں ایک ہزارویں طیارہ کی اوورہالنگ کی رول آئوٹ تقریب،وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین مہمان خصوصی تھے، کامرہ میں تیار ہونے والے طیاروں سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوئی بلکہ ایوی ایشن کے شعبہ میں پاکستان ایک خودانحصار ملک کی حیثیت سے بھی ابھرا،ایئر چیف مارشل سہیل امان

بدھ 8 مارچ 2017 00:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2017ء) پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں ایک ہزارویں طیارہ کی اوورہالنگ کی رول آئوٹ تقریب ہوئی۔ اس موقع پر وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، چائنہ نیشنل ایئرو ٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن کے نائب صدر اور دیگر سول اور دفاعی حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے دفاعی صنعت میں خود انحصاری کیلئے پی اے سی کامرہ کے افسران اور ٹیکنیشنز کی کوششوں اور لگن کی تعریف کی۔ انہوں نے چین کے دوستوں کی بھی تعریف کی۔ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے پی اے ایف کے آپریشنز میں پی اے سی کے کردار کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں تیار ہونے والے طیاروں سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوئی بلکہ ایوی ایشن کے شعبہ میں پاکستان ایک خودانحصار ملک کی حیثیت سے بھی ابھرا۔

انہوں نے چی اور پاکستان ایئرو ناٹیکل کمپلیکس کے درمیان قریبی تعاون کی بھی تعریف کی اور کہا کہ موجودہ تعاون پاک چین دفاعی تعاون کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ تقریب سے ایئر کرافٹ ری بلڈ فیکٹری اور ایوی اونکس پروڈکشن فیکٹری کے منیجنگ ڈائریکٹر نے بھی خطاب کیا۔