افریقا کا سب سے بڑا اور عمررسیدہ ترین ہاتھی شکاریوں کے زہریلے تیروں کا نشانہ بن گیا

Ameen Akbar امین اکبر منگل 7 مارچ 2017 23:52

افریقا کا سب سے بڑا اور عمررسیدہ ترین ہاتھی شکاریوں کے زہریلے تیروں ..
افریقا کے سب سے بڑے اور عمررسیدہ ترین ہاتھیوں میں سے ایک  کو کینیا میں شکاریوں نے زہریلے تیروں سے شکار کر لیا۔
ساوو ٹرسٹ  کے رچرڈ مولر  نے بتایا کہ مرنےو الے ہاتھی  ستاؤ دوم(Satao II) کو  اس کا نام 2014 میں مرنے والے ایک بڑے ہاتھی کے مرنے کے بعد دیا گیا تھا۔ ستاؤ دوم کو سوموار کی صبح مردہ حالت میں پایا گیا۔ خیال ہے کہ اسے زہریلے تیروں سے شکار کیا گیا ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔


رچرڈ نے بتایا کہ کینین وائلڈ لائف سروس  نے شکاریوں کے پہنچنے اور ہاتھی دانت نکالنے سے پہلے ہی ہاتھی کی لاش اپنے قبضے میں لے لی ہے۔
خیال ہے کہ ستاؤ دوم کی عمر 50 سال تھی ۔یہ ہاتھی ساوو نیشنل پارک میں آنے والے سیاحوں میں کافی مقبول تھا۔اس ہاتھی کے شکار میں ملوث دو شکاریوں کو بھی گرفتار کر لیا گیاہے۔

(جاری ہے)


اس واقعے سے دو دن پہلے ہی کے ڈبلیو ایس کا  ایک اہلکار شکاریوں کے خلاف ہونے والی کاروائی میں مارا گیا تھا۔

اس سے ایک ماہ پہلے بھی ایک اہلکار شکاریوں کے ہاتھوں مارا جا چکا ہے۔
انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر کے مطابق ایک دہائی میں ہی دنیا میں افریقی ہاتھیوں کی تعداد 4 لاکھ 15 ہزار سے کم ہو کر 1 لاکھ 11 ہزار رہ گئی ہے۔ایشیا میں ہاتھی دانت کی اتنی بڑی مارکیٹ ہے کہ اس کی طلب پوری کرنے کے لیے ہر سال 30 ہزار ہاتھیوں کا شکار کیا جاتا ہے۔ہاتھی دانت کا زیادہ استعمال روایتی دوائیاں اور امارت کو ظاہر کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔
رچرڈ نے بتایا کہ اس وقت دنیا میں ستاؤ دوم جیسے بہت بڑے دانتوں والے ہاتھیوں کی تعداد صرف 25 ہے اور اس میں سے 15 کینیا میں پائے جاتے ہیں۔
رچرڈ نے بتایا کہ ستاؤ دوم کے ایک دانت کا وزن 112 پاؤنڈ اور دوسرے کا وزن 111 پاؤنڈ تھا۔