دہشت گردوں کے خلاف عمدہ کارکردگی پر سی ٹی ڈی ٹیم کو دس لاکھ روپئے نقد انعام اور تعریفی اسناد دی گئیں

منگل 7 مارچ 2017 23:15

دہشت گردوں کے خلاف عمدہ کارکردگی پر سی ٹی ڈی ٹیم کو دس لاکھ روپئے نقد ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2017ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے دہشت گردوں کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مطاہر کرنے پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)کے انچارج راجہ عمرخطاب اور ان کی ٹیم کو ایک سادہ سی تقریب کے دوران دس لاکھ روپئے نقد انعام اور تعریفی اسناد دیں۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عامر فاروقی، ڈی آئی جی آر آر ایف ڈاکٹر امین یوسف زئی اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ دہشت گردی جیسے سنگین جرائم کے انسداد اور ایسے گناؤنے فعل میں ملوث دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف سی ٹی ڈی کے افسران اور ان کی ٹیمز کا ہر سطح پر مؤثر اور مربوط کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کے تحت براہ راست، باالوسطہ یا خفیہ معلومات تک رسائی اور انہیں بروقت فالو کرکے انسدادی اقدامات کو ممکن بنانا قابل تحسین اور لائق ستائش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے گذشتہ روز دہشت گردوں کے خلاف کی جانیوالی کاروائی پر سی ٹی ڈی کے جملہ اقدامات کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ سندھ اور باالخصوص کراچی میں امن وامان کے حالات پر کنٹرول اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار کو ہر سطح پر مذید مؤثر اور مربوط بنائیں گے۔