صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، گورنر سندھ

منگل 7 مارچ 2017 22:21

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صوبہ کی ترقی وخوشحالی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، وزیر اعظم محمد نواز شریف صوبے کی ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ فنگشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات میں کیا۔

مسلم لیگ فنگشنل کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی ترقی پیر سیدصدرالدین شاہ راشدی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ملاقات میں جاری صورتحال ، صوبہ کی معاشی و اقتصادی ترقی کے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات ، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مسلم لیگ فنگشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا سے کہا کہ وزیر اعظم نے آپ کے لئے سلام بھیجا ہے جس پر پیر صاحب پگارا نے وزیر اعظم کے سلام پہنچانے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ فنگشنل مسلم لیگ صوبے کی اہم سیاسی جماعت ہے جسے صوبہ کی عوام کی خاصی پذیرائی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ باالخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ مقامی صنعتیں بھی فعال ہو رہی ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم صوبہ سمیت پورے ملک کو معاشی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے وژن پر کا ربند ہیں ، کراچی اپنے استعداد کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے انتہائی پر کشش اہمیت رکھتا ہے ہمیں کراچی کو دنیا کے معاشی نقشہ پر جگہ دلانے کے لئے مل کر کام کرنا ہے یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اس ضمن میں صوبہ کے تمام سیاسی رہنمائوں سے ملاقاتیں کررہا ہوں تاکہ صوبہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے ، مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ ہر ایک صوبہ کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن دیکھنا چاہتا ہے۔

دریں اثناء پیر پگارا کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ فنگشنل مسلم لیگ نے ہمیشہ وفاق کی سیاست کی ہے جو کہ خوش آئند ہے ان کے والد مرحوم نے بھی ہمیشہ وفاق کی بات کی ان کی باتیں سن کر مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے حروں کے روحانی پیشوا ء کو گورنر ہائوس آنے کی دعوت دی ہے تاکہ صوبہ کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ان کی تجاویز سے بھی فائدہ اٹھایا جاسکے جبکہ پیر صاحب پگارا نے مجھے کھانے کی دعوت دی بہت جلد میں ان کے گھر آکر کھانا بھی کھائوںگا۔

متعلقہ عنوان :