حکومت ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کاوسیع تجربہ رکھتی ہے،گورنر سندھ

منگل 7 مارچ 2017 22:21

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور لیفٹننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں قومی سلامتی، جاری صورتحال سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کا وسیع تجربہ رکھتی ہے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے زیر قیادت ملک معاشی ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے صوبہ با الخصوص کراچی میں امن و امان کا قیام بھی موجودہ حکومت کا ہی کا رنامہ ہے۔

حکومت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ملک کو اندرونی خطرات سمیت بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے مربوط و موئثر حکمت عملی وضع کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کے دور اندیش فیصلوں کے باعث آج پورے ملک میں امن و امان قائم ہو رہا ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں امن و امان کے باعث معاشی، اقتصادی و سماجی سرگرمیاں تیزی ہورہی ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔

دریں اثناء گورنر سندھ محمد زبیر سے وزیر اعظم انسپیکشن کمیشن کے چیئر مین کرنل (ر) سیف نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں جاری صورتحال اور اہمیت کے حامل دیگر امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کو حفظان صحت کے مطابق اشیاء فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں صوبہ میں مختلف شعبہ جات بھی قائم ہیں جو اشیاء کے معیار کو روزانہ کی بنیاد پر دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں بھی عوام کی مشکلات میں حائل رکاوٹوں کے خاتمہ کے لئے ضروری اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنے کے لئے بھی حکومت سندھ وقتاً فوقتاً اقدام اٹھا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :