خواتین کو بااختیار بنانے سمیت ان کے مسائل حل کرنے کیلئے صوبائی اسمبلی سے قانون سازی کرنے کے علاوہ ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کاتقریب سے خطاب

منگل 7 مارچ 2017 22:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مارچ2017ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے سمیت ان کے مسائل حل کرنے کیلئے صوبائی اسمبلی سے قانون سازی کرنے کے علاوہ ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔انہوںنے ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل وومن ڈے کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں منعقد ہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب سے سینئر صوبائی وزیر سکندرحیات خان شیر پاؤاور ڈپٹی سپیکر مہرتاج روغانی سمیت دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا ۔سپیکرنے کہا کہ عورت ماں ،بہن ،بیوی اور بیٹی کے روپ میں گھر اور معاشرے کی رونق ہیںاور عورت کی وجہ سے ہی کائنات میں رنگ بکھرے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کو معاشرے میں بہتر مقام دلانے کیلئے روزاول سے ہی کوشاں ہے عورت کی اچھی تعلیم وتربیت اور سہولتوں کی فراہمی کے باعث ہی ایک بہترین قوم جنم لے سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں خواتین بہترین کردار ادا کررہی ہیں اور بسا اوقات اسمبلی کا کورم بھی انہی کی موجودگی کی وجہ سے برقرار رہتاہے ۔اسمبلی میں قائم خواتین کافورم ِکاکس خواتین کی فلاح وبہبود کیلئے قانو ن سازی میں موثر تجاویز فراہم کرتاہے ۔انہوں نے وومن کاکس اور خواتین کمیشن سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ دیہاتی علاقوں کے دورے کریں اور دیہاتی خواتین کے مسائل معلوم کرکے ان کے حل کے لئے تجاویز دیں تاکہ ان خواتین کو درپیش مشکلات کا اذالہ کرنے کے لئے موثر قانون سازی کی جاسکے۔

سپیکر نے کہا کہ صوبائی حکومت کو احساس ہے کہ معاشرے میں جہیز جیسی لعنت کی موجودگی کے باعث لڑکیوں کی عمریںگھروں پر ہی زائد ہو رہی ہیں جو والدین کے لئے ایک تکلیف دہ امر ہے والدین کے اسی دکھ کو محسوس کرتے ہوئے صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ اسمبلی کے اجلاس میں جہیز کی لعنت کے خاتمے کیلئے قانون سازی کی جائے گی تاکہ غریب عوام کو اس ضمن میں ریلیف مل سکے۔سپیکرنے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے اور مردوزن نے مل کر جدوجہد کر کے ملک وقوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کر نا ہے۔ انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے تمام امتیازی قوانین کا خاتمہ کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔

متعلقہ عنوان :