کاریں چوری کر نے والے بین الصوبائی گروہ کے دو ارکان گرفتار

منگل 7 مارچ 2017 23:05

کاریں چوری کر نے والے بین الصوبائی گروہ کے دو ارکان گرفتار
گوجرانوالہ۔7 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2017ء)سی آئی اے پولیس نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کاریں چوری کر نے والے بین الصوبائی گروہ کے دو ارکان گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے چھ کاریں، ایک پک اپ، ٹمپرنگ آلات اور چابیاں برآمد کی ہیں ۔گرفتار کئے جانے والے ملزمان میںشہزاد خیال سکنہ کوہاٹ اور عاطف لطیف سکنہ لاہور شامل ہیں ۔

ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ کاریں چوری کر کے پشاور لے جاتے ۔ نمبر ٹمپر کرتے اور بوگس کاغذات بناکر واپس پنجاب میں لا کر انہیں فروخت کرتے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں کاریں چوری کرنے والے گروہ کی گرفتار ی کے لئے سٹی پولیس آفیسر محمد وقاص نذیر نے ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ کو ٹاسک دیا ۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی سی آئی اے نے سب انسپکٹر عاشق حسین ، اے ایس آئی محمد اختر، عدنان بٹ، محمدسلیم ، محمد اشرف اور حاجی مشتاق پر خصوصی ٹیم تشکیل دی ۔

ٹیم نے کاریں چوری کرنے والے گروہ کے ارکان کی گرفتاری کے لئے گوجرانوالہ سمیت دیگر ا ضلاع سے کار چوروں کے کوائف اکٹھے کئے۔مدعیاں سے ملے۔موقع سے شواہد اکٹھے کئے۔ ملزمان کے خاکے تیار کئے گئے ۔ بعد ا زاں مخبران کے ذریعے عاطف سکنہ لاہور اور شہزاد خیال سکنہ کوہاٹ کو زیر حراست لے کر تفتیش عمل میں لائی جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ۔ملزمان کی نشاندہی پر مختلف مقامات سے چھ کاریں ، ایک پک اپ ، چابیاں اور نقدی برآمد کی۔

ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ وہ آپس میں موبائل فونز پر رابطہ رکھتے ۔کار چوری کرنے کے بعد دو چار یوم کے لئے اسے انڈر گراؤنڈ رکھتے بعد ازاں اسے لوکل و خفیہ ر استوں کے ذریعے پشاور منتقل کرتے ۔ جہاں ان کے ساتھی گاڑی کی آلٹریشن کر کے بوگس رجسٹریشن تیار کر کے اسے واپس پنجاب بجھواتے اور فروخت کر کے لاکھوں روپے کماتے ۔ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور لاہور ، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور کے پی کے، کے مختلف اضلاع میں کار چوری کی وارداتیں کر چکے ہیں ۔