سندھ حکومت کراچی کی اونر شپ نہیں لے رہی ، اختیارات نہ ملے تو سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے ، میئر کراچی

وسائل کی کمی کے باوجود کراچی میں کام کر رہے ہیں ،کل سے بلال کالونی کورنگی میں ترقیاتی کام شروع کردیئے جائیں گے،وسیم اختر

منگل 7 مارچ 2017 22:58

سندھ حکومت کراچی کی اونر شپ نہیں لے رہی ، اختیارات نہ ملے تو سپریم کورٹ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی کی اونر شپ نہیں لے رہی ، اختیارات نہ ملے تو سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے ، وسائل کی کمی کے باوجود کراچی میں کام کر رہے ہیں ،کل سے بلال کالونی کورنگی میں ترقیاتی کام شروع کردیئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی سہ پہر بلال کالونی کورنگی کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

میئر کراچی نے کہا کہ بلال کالونی میں روڈ کارپیٹنگ اور سیوریج کے دیرینہ مسائل ہیں ، ایم ڈی واٹر بورڈ سے پی سی ون کی سفارش کر رہا ہوں تاکہ اس علاقے کے مسائل حل کئے جاسکیں، انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے تمام اداروں کو سنجیدگی کے ساتھ اپنے حصے کی ذمہ داریاں پوری کرنی ہوں گی۔

(جاری ہے)

شہر میں بہتری لانے کے لئے مشکلات کے باوجود ترقی کا سفر جاری رکھا ہوا ہے اور مستقبل میں بھی اسے جاری رکھیں گے ۔

بعدازاں میئر کراچی نے کے ایم سی ورکشاپ کا اچانک دورہ کیا اور کے ایم سی ورکشاپ کی حالت پر شدید برہمی کا اظہارکیا انہوں نے ہدایت کی کہ ورکشاپ میں جو گاڑیاں خراب کھڑی ہیں انہیں فوری درست کیا جائے۔ ملازمین اپنی ذمہ داریوں کو انجام دیں بصورت دیگر انہیں فارغ کردیا جائے گا۔ کے ایم سی کی تمام گاڑیاں ورکشاپ میں درست کرنے کے لئے بھیجی جائیں۔

میئر کراچی نے ہدایت کی کہ کے ایم سی ورکشاپ سے تمام اسکریپ اور نا قابل مرمت گاڑیوں کو نیلامی کیلئے فوری اسٹور میں جمع کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی کارپوریشنز اپنی حدود میںرہ کر کام کریں جو ضلعی کارپوریشن اپنی زمینی حدود سے تجاوز کرے گی اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ورکشاپ سے میئر کراچی وسیم اختر اچانک محکمہ فائر بریگیڈ کے مرکزی دفتر پہنچ گئے جہاں میئر کراچی کی آمد پر ایمرجنسی گھنٹیاں بجا دی گئیں۔

اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے فائربریگیڈ کے دفتر میں سیاسی بینرز لگانے پرشدید ناراضگی کا اظہار کیا اور اپنی نگرانی میں تمام بینرز اتروا دیئے۔انہوں نے کہا کہ جس کو سیاست کرنی ہے وہ اپنے گھر جائے، محکمہ فائر بریگیڈ میں کوئی سیاست نہیں ہوگی۔ جو ملازمین سیاست کریں گے ان کے دماغ کو درست کرنا جانتا ہوں۔ بعدازاں میئر کراچی وسیم اختر نے کے ایم سی کے اسٹور ڈپارٹمنٹ کا دورہ کیا اور وہاں کھڑی تمام اسکریپ گاڑیاں اور دیگر سامان فوری نیلام کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ ملازمین دفتری اوقات کی پابندی کریںاور آئندہ ملازمین کی حاضری باقاعدگی کے ساتھ چیک کی جاتی رہے گی۔محکموں میں اب سفارش یا سیاست نہیں چلے گی بلکہ صرف اور صرف کام ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :