وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کا خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی ایک روشن معاشرے کی تشکیل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے دین اسلام نے خواتین کو بڑا احترام اور رتبہ دیا ہے،پاکستان کی ترقی کیلئے خواتین کی عملی میدان میں شرکت نہایت ضروری ہے حکومت پنجاب نے خواتین کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب

منگل 7 مارچ 2017 22:44

وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کا خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام
لاہور۔7 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر وترقی میں خواتین کے کردار کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ دین اسلام نے خواتین کو بڑا احترام اور رتبہ دیا ہے اوردین اسلام خواتین کوبااختیار بنانے اور مساوی حقوق دینے پرزور دیتا ہے۔خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی ایک روشن معاشرے کی تشکیل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے۔

خواتین کو مساوی حقوق دینے سے ہی معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔وزیر اعلی محمد شہبازشریف نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کومضبوط اور باوقار بنانے کیلئے خواتین کی عملی میدان میں شرکت نہایت ضروری ہے۔ پاکستان کی خواتین با صلاحیت،محنتی اورتعلیم یافتہ ہیںاور پاکستان کی خواتین نے زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین کو معاشی و سماجی طور پر بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اوراسی مقصد کے پیش نظرحکومت پنجاب نے خواتین کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیںاوران اقدامات کے ذریعے خواتین کو ان کا حق دیا گیا ہے۔سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ5فیصد سے بڑھا کر15فیصد کیا گیا ہے،اسی طرح سرکاری ملازمت کیلئے عمر کی حد میں خواتین کوخصوصی رعایت دی گئی ہے۔

خواتین کے حقوق کے تحفظ اوران کیخلاف تشدد کی روک تھام کیلئے ملتان میں پہلا خصوصی مرکزرواں ماہ مکمل ہوجائے گااوراس طرح کے مراکزدیگر شہروں میں بھی بنائے جائیں گے۔ ملازمت پیشہ خواتین کی سہولت کیلئے پنجاب کے مختلف اضلاع میں ورکنگ ہاسٹلز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے اورخواتین کے معاشی اسحکام کیلئے پنجاب ووکیشینل ٹریننگ کونسل کے تحت فنی تربیت کے کورسز کروائے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کے تحت کام کرنیوالے تمام فیصلہ ساز بورڈز اور کمیٹیوں میں خواتین کو 33فیصد نمائندگی دی گئی ہے۔سرکاری اداروں میں بھرتی کیلئے مقررکی جانیوالی ہر کمیٹی میں ایک خاتون ممبر کا ہونا لازم قرار دیا جا چکا ہے اور صوبے کی لاکھوں خواتین کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے بلاسود قرضہ جات دئیے جارے ہیں۔ قانون سازی اور لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے خواتین کے جائیداد میں وراثتی حق کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پرعزم ہے اور خواتین کا عالمی دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ خواتین کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج ہمیں حقوق نسواں کیلئے اپنی مذہبی ، سماجی اور اخلاقی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔