وزیراعلیٰ شہباز شریفکی میچ کے شاندار انتظامات اور کوآرڈینیشن پر افسروں کی کارکردگی کی تعریف

قوم کے اتحاد ،اتفاق اوریکجہتی سے بربریت اور انتہا پسندی ہمیشہ کیلئے دفن ہو گی۔شہبازشریف

منگل 7 مارچ 2017 22:44

وزیراعلیٰ شہباز شریفکی میچ کے شاندار انتظامات اور کوآرڈینیشن پر افسروں ..
لاہور۔7 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پاکستان سپرلیگ کے فائنل میچ کیلئے شاندار انتظامات اور بہترین کوآرڈینیشن پر وزیر اعلیٰ آفس میں تعینات افسروں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسران نے جس طرح دن رات محنت کر کے کامیابی کے ساتھ فائنل میچ کے انعقاد کو یقینی بنایا ہے، اس پر وہ شاباش کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ کوئی بھی کام محنت، لگن ، جذبے اور عزم کے ساتھ کیا جائے تو کامیابی قدم چومتی ہے۔ فائنل میچ کیلئے وزیراعلیٰ آفس کے افسروں نے محنت سے کام کر کے ایک میگا ایونٹ کو کامیاب بنایا ہے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ بہترین کوآرڈینیشن کی جس سے یہ ایونٹ ایک یادگار بنا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ قومیں ہمیشہ محنت ، دیانت ، امانت اور عزم کے ساتھ ہی آگے بڑھتی ہیں۔

محنت، دیانت اور امانت کے اصولو ںپر چل کر ہی پاکستانی قوم مزید طاقتور ہو گی۔ پاکستانی قوم نے فائنل میچ میں یکجہتی اور اتحاد کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے اور پی ایس ایل کا فائنل میچ ایک تاریخ رقم کر گیا ہے۔ فائنل میچ سے پاکستانی قوم کے حوصلے اور جذبے مزید بلند ہوئے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ20کروڑ پاکستانی عوام نے اتحاد اوراتفاق کے ذریعے امن دشمنوں کو شکست دی ہے۔

فائنل میں پاکستان کو فتح ملی ہے اوردہشت گردوں کو شکست ہوئی ہے ۔فائنل میچ میں پشاور سے کراچی تک پوری قوم یکجان دو قالب نظر آئی اورقومی وحدت کا بھرپور اظہار ہوااورمیرا ایمان ہے کہ اگر ہم اسی اتحاد ،اتفاق اوریکجہتی کے راستے پر چلتے رہے تو ظلم و زیادتی، بربریت اور انتہا پسندی ہمیشہ کیلئے دفن ہو گی-وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے امید ہے آپ نے جس طرح محنت ، جذبے اور عزم کے ساتھ کام کیا ہے آئندہ بھی اپنے فرائض کی ادائیگی اسی محنت کے ساتھ کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے سیکرٹری امداد اللہ بوسال ، سیکرٹری عملدرآمدڈاکٹر احمد جاوید قاضی ،وزیر اعلی آفس میں تعینات ایڈیشنل سیکرٹریز اور دیگر افسران کو فرائض کی ادائیگی بہترین طریقے سے سرانجام دینے پر مبارکباد دی۔