ملک کے لئے سی پیک منصوبہ بلاشبہ گیم چینجر ہے ، اس سے پاکستان اور ہمسایہ ممالک کی معیشت اور انسانی زندگی پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے ،سوال یہ ہے کہ کیا ہماری حکومت اس کے ثمرات سے مستفید ہونے کے لئے عملی اقدامات کر نے کیلئے سنجیدہ ہے

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو کابیان

منگل 7 مارچ 2017 22:40

ملک کے لئے سی پیک منصوبہ بلاشبہ گیم چینجر ہے ، اس سے پاکستان اور ہمسایہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ ملک کے لئے سی پیک منصوبہ بلاشبہ گیم چینجر ہے اور اس سے پاکستان اور ہمسایہ ممالک کی معیشت اور انسانی زندگی پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہماری حکومت اس کے ثمرات سے مستفید ہونے کے لئے عملی اقدامات کر نے کے لئے سنجیدہ ہے۔

منگل کو یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب اور چائینہ کا جانسو صوبہ آبادی، زرعی زمین اور انڈسٹری کے لحاظ سے دونوں ایک جیسے ہیں 1994 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران میں نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اور جانسو کے گورنر نے وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور چائینہ کے وزیر اعظم کی موجودگی میں تعاون کی ایک تاریخی دستاویزات پر دستخط کئے تھے جس کی روح سے زراعت، صنعت، سرمایہ کاری اور دیگر اہم معاملات میں دونوں صوبوں کے درمیان تعاون کرنے کی نئی راہیں کھولنے کا فیصلہ ہوا تھا خاص طور پر زراعت کے لئے کرم کُش ادویات کے کارخانے پنجاب میں لگانے کے لئے چائینہ کے جانسو صوبہ سے اُن کے تجربات اور ٹیکنالوجی سے فیصلہ اُٹھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا اگر پنجاب حکومت اس پر عملدرآمد کرتی تو آج ملک کے اندر کرم کُش ادویات کی موجودہ قیمتوں سے نصف ہمارے کاشتکار کو انسیکٹیسائیڈ میسر آتی جس کے نتیجے میں کاشتکار کی آمدن میں اضافہ ہوتا اور وہ خوشحال ہوتا۔

(جاری ہے)

اچھے بیجوں کی بدولت جانسو صوبہ میں چاول کی پیداوار ہم سے دوگنا ہے اُن کے بیج اور ٹیکنالوجی کو اپنانے سے ہمارے ہاں چاول کی پیداوار دوگنا ہو سکتی ہے لیکن ہمارے حکمرانوں نے پاکستان پیپلز پارٹی اور میرے دورِ حکومت کے اس عظیم الشان منصوبے سے استفادہ حاصل نہیں کیا اس میں جانسو اور پنجاب کو جڑواں صوبہ قرار دیا جا چکا ہے پنجاب حکومت کی یہ مجرمانہ غفلت ہے اور اس پر فوری عملدآمد کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ بھی جانسو اور پنجاب صوبہ میں تعاون اور دوستی کی بے شمار راہیں موجود ہیں جس سے استفادہ حاصل کرنا چاہیے اس سے کسان خوشحال ہو گا اور ملکی سطح پر ان پٹ کی قیمتیں کم کر کے اور زرعی اجناس کی سپورٹ پرائس مقرر کر کے ملک زرعی معیشت کو سنبھالا دیا جا سکتا ہے۔