انتہا پسندانہ رویوں کو بدلنے کیلئے تعلیمی نصاب بدلنا ہو گا

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا73 نصابی کتب کی تقریب رونمائی کے موقع پر پیغام

منگل 7 مارچ 2017 22:40

انتہا پسندانہ رویوں کو بدلنے کیلئے تعلیمی نصاب بدلنا ہو گا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مارچ2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ و تحریک منہاج القرآن کے بانی و سر پرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نصاب کی تیاری پر تحریک منہاج القرآن کے رہنمائوں اور ایم ای ایس کے ذمہ داروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیا تعلیمی نصاب طالبعلموں کیلئے جدید علوم کے حصول کے ساتھ ساتھ انہیں اسلام اور پاکستانیت سے محبت کرنے والا ایک اچھا شہری بنائے گا ۔

منگل کو منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی طرف سے منعقدہ تقریب کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہاکہ انتہا پسندانہ سوچ کو بدلنے اور ایک قوم بننے کیلئے نصاب تعلیم کو عصری ضروریات کے مطابق ڈھالنا ہو گا ۔موجودہ نظام تعلیم اور تعلیمی نصاب نے قوم کو تقسیم اور فکری انتشار میں مبتلا کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت منہا ج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے اپنے خطاب میں کہاکہ کمرشل سوچ کے ساتھ تعلیم کی فراہمی کے عظیم اسلامی ،قومی ،انسانی اور فلاحی مقصد کو حاصل نہیں کیا جا سکتا ، عصر حاضر کے سائنسی ،سماجی،معاشی رجحانات کے مطابق بچوں کوتعلیمی نصاب نہ پڑھا کر جہالت کے اندھیروں کو مزید گہرا کیا جا رہا ہے۔منہاج القرآن علم،اسلامی بھائی چارہ کے فروغ اور تحقیق و امن کی ایک عالمگیر تحریک ہے ۔

منہاج القرآن کے اندرون بیرون ملک قائم سینکڑوں تعلیمی ادارے شرح خواندگی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ تشنگان علم کی پیاس بجھا رہے ہیں ۔ایم ای ایس کے زیر اہتمام قائم 650 سے زائد سکولوں میں 10 ہزار سے زائد اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ،ڈیڑھ لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات کو سستی اور معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔منہاج القرآن کے تعلیمی نظام کے اندر اسلام ،عشق مصطفی اور پاکستانیت کے فروغ کو ایک خاص مقام حاصل ہے ۔

تقریب سے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ایم ڈی راشد حمید کلیامی اور ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے بھی خطاب کیا ۔ایم ڈی راشد حمید کلیامی نے نصاب کے خدوخال اور مقصدیت کے اوپر تفصیل سے بریفننگ دی۔خرم نواز گنڈا پور نے اپنے خطاب میں کہاکہ مسلم تہذیب اور تاریخ سے ناطہ توڑ کر غیر مسلم تہذیب اور کارناموں کو منصوبہ بندی کے تحت نصاب میں شامل کیا گیا جس سے پاکستانیت اور قابل فخر مسلم تاریخ کو نقصان پہنچایا گیا۔

انہوں نے کہاکہ73 نصابی کتب میں اصلاحات اور نیا نصاب ایم ای ایس شاندار کارنامہ ہے ۔منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسلم غوری ،بریگیڈئر(ر) محمد اقبال،کرنل(ر) محمد احمد،شاہد لطیف ،احمد نواز انجم،جی ایم ملک ،رفیق نجم ،پروفیسر محمد اقبال،ڈاکٹر امبر آصف،تنویر خان،سردار شاکر مزاری،مظہر علوی،عرفان یوسف،علی وقار، سیف اللہ بھٹی ،عتیق الرحمان و دیگر نے خصوصی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :