پاکستان پیپلزپارٹی خواتین کو مزید بااختیار بنانے کے لیے مزید اقدامات اٹھائے گی، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کا یہ منفردریکارڈ ہے اس نے ایک مسلم خاتون کو دنیا کی کسی اسلامی ریاست کی پہلی وزیراعظم طور منتخب کیا

منگل 7 مارچ 2017 22:33

پاکستان پیپلزپارٹی خواتین کو مزید بااختیار بنانے کے لیے مزید اقدامات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کاا عادہ کیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی خواتین کو مزید بااختیار بنانے کے لیے مزید اقدامات اٹھائے گی، انہوں نے اقوم متحدہ کی جانب سے 2030ایجنڈا میں خواتین کے پائیدار ترقی کے مزید مقاصد رکھنے کو بھی خوش آمدید کہا ہے، کل دنای بھر میں منائے جانے والے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا یہ منفرد رکارڈ ہے کہ اس نے ایک مسلم خاتون کو دنیا کی کسی اسلامی ریاست کی پہلی وزیراعظم طور منتخب کیاجنہوں نے ملک کے تمام کمزور طبقات کی رہنمائی کی اور پاکستان میں جنسی برابری اورخواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے،ملک میں پہلی خواتین بینک قائم کرنے سے لے کر اعلی عدلیہ میں خواتین ججز کی مقرری، خواتین کے لیے علیحدہ تھانے قائم کرنے اور بے زمین خواتین میں زمین کی تقسیم تک شہیدمحترمہ بینظیر بھٹونے ملک میں خواتین کو ترقی میں مساوی حصہ دار کی حیثیت سے قومی ترقی کی دھارا میں آگے لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2008میں اقتدار میں آنے کے بعد پیپلزپارٹی حکومت نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا،جس کو پوری دنیا کے عالمی اداروں نے سرہاتے ہوئے اے کیٹگری میں شامل کیا،بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے سندھ میں خواتین کی ترقی کا مکمل محکمہ قائم کیا ہے، خواتین کو عام انتخابات میں ٹکٹ دیے جوطاقتور مخالفین کو شکست دے کر پارلیا مینٹ میں پہنچیں،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر مواقع اور ماحول فراہم کیا جائے تو پاکستان کی ہر لڑکی بینظیر بن سکتی ہے،انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کواتین کے لیے بہتر تعلیم اور صحت کی سہولیات کو یقینی بناتے ہوئے ہر پاکستانی لڑکی کو بااختیار بنانے اور جنسی مساوات کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین نے یہ بھی واضح کیا کہ پیپلزپارٹی خواتین کے خلاف ہونے والے ہر ظلم اور زیادتی کو روکنے اور خواتین کے تحفظ کے لیے متعدد قوانین عمل میں لائی ہے اور مستقبل میں بھی خواتین کو بااختیار بناے کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی مزید قانونسازی کرے گی۔