تھائی لینڈ کی طرز پر پاکستان میں ٹورسٹ پولیس کا قیام عمل میں لایا جائیگا، چوہدری عبدالغفور ایم ڈی پی ٹی ڈی سی

تھائی ٹورسٹ فورس پاکستان کو ہر ممکن معاونت فراہم کریگی، کرنل نتھی تھارن چنتاکانون

منگل 7 مارچ 2017 18:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2017ء) چوہدری عبدالغفور ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے اپنے دورہ بینکاک کے تیسرے روز تھائی ٹورازم فورس کے سربراہ کرنل نتھی تھارن چنتاکانون سے ملاقات کی۔انہوں نے پاکستانی ثقافت کے رنگوں کو غیر ملکی سیاحوں کو روشناش کرانے کے حوالے سی3 گھنٹے طویل اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقعہ پر چوہدری عبدالغفور نے تھائی حکام کو پاکستان کی جغرافیائی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے گذشتہ کئی دہائیوں سے سیاحت پر وہ توجہ نہیں دی جا سکی جو دینی چاہیے تھی تاہم موجودہ وفاقی حکومت پاکستان کو سیاحوں کی جنت بنانے کے مشن پر گامزن ہے انکا کہنا تھاکہ پاکستان میں مختلف مذاہب کے اہم مقامات موجود ہیں اور انکی بھرپور کوشش ہے کہ وہ ان مقامات کو فعال بنا کر سیاحوں کو پاکستان لانے میں کامیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

چوہدری عبدالغفور کا کہناتھا کہ پاکستان میں جلد سیاحوں کو سہولت دینے کیلئے ٹورسٹ فورس بنائی جا رہی ہے جس کے لیے تھائی ٹورازم پولیس سے بھی رہنما ئی لی جائے گی اور اس سلسلے میں تھائی حکام جلد پاکستان کا دورہ کریں جس کی میزبانی پی ٹی ڈی سی کرے گی۔ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور کا کہنا ہے کہ دنیا میں ترقی کا ایک زینہ سیاحت کا فروغ ہے جس کے لیے ہمیں مذہبی، سپورٹس،کلچرل اور صحت کے شعبوں میں سیاحت پر توجہ دینا ہو گی اور دنیا کے سامنے پاکستان کے مثبت امیج کو دوبارہ روشناش کرانا ہو گا۔

ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے تھائی حکومت کی سیاحوں کو دی جانے والی سہولیات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تھائی لینڈ میں جس تعداد میں دنیا بھر سے سیاح آرہے ہیں یہ حکومت کی بہتر پالیسیوں کانتیجہ ہے۔انکا کہنا تھاکہ حکومت پاکستان نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے ویزہ پالیسی کو نرم کرنے کا ارادہ کیا ہے جس سے پاکستان ایک مرتبہ پھر سیاحوں کی جنت بن جائے گا۔

انہوں نے کمانڈر ٹورسٹ پولیس ڈویژن کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بدھ مت کے مذہبی مقامات پاکستان میں ہیں جہاں تھائی لینڈ کے عوام آکر ناصرف خوش ہوں گے بلکہ وہ پاکستان کے کلچر کو دیکھ کر بھی محظوظ ہوں گے۔انکا کہنا تھاکہ پاکستان کے پاس کے ٹو کے برف پوش مقام سے لے کر خوب صورت سمندری پٹی غیر ملکی سیاحوں کے لیے کسی جنت سے کم نہیں۔

ڈپٹی پولیس چیف نے یقین دہانی کروائی کے وہ پاکستان میں ٹورسٹ پولیس کے قیام کے سلسلے میں ہرممکن معاونت فراہم کرے گی ۔ انہوں نے ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کی دعوت قبول کرتے ہوئے جلد پاکستان کے دورے کی حامی بھر لی۔دورے کے اختتام سے قبل ایم ڈی نے ورلڈ میڈیکل سنٹر ہسپتال کا دورہ کیا جہاں ہسپتال کے ڈائریکٹر پروفیسر آدیسورن پترادل نے انہیں بریف کیا کہ تھائی لینڈ میں سیاح قدرتی مناظر کے ساتھ ساتھ میڈیکل ٹورازم کیلئے بھی آتے ہیں جنہیں جدید و قدیم روایتی علاج کی مختلف سہولتیں دستیاب ہیں ۔

ایم ڈی نے بتایا کہ پاکستان میں میڈیکل ٹورازم کا رجحان فروغ پا رہا ہے جن میں کڈنی ، لیور ٹرانسپلانٹ، کاسمیٹک سرجری اور ہیئر ٹرانسپلانٹ بے حد مقبول ہیں۔ بہتر تشہیر سے علاج کی غرض سے سفر کرنے والے سیاحوں کا رخ پاکستان کی جانب موڑا جا سکتا ہے۔