’’عافیہ رہائی قافلہ غیرت‘‘ پیدل مارچ ڈسٹرکٹ کرک پہنچ گیا

حکومت ڈاکٹر عافیہ کی صحت کے بارے میں قوم کو حقائق سے آگاہ کرے ،ْ مولانا شاہ عبدالعزیز مجاہد

منگل 7 مارچ 2017 17:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2017ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کیلئے ’’عافیہ رہائی قافلہ غیرت‘‘ پیدل مارچ کے شرکاء صوبہ خیبرپختونخواہ کے ڈسٹرکٹ کرک پہنچ گئے۔قافلہ کے شرکاء پشاور پہنچنے کیلئے مزید 123 کلومیٹر کاسفرپیدل طے کریں گے۔ پیدل مارچ قافلہ کے امیر انعام اللہ مروت اور نائب امیر انور خان نے عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آمبیری کلہ چوک، کرک ڈسٹرکٹ پہنچنے پر جمعیت العلمائے اسلام (س) کے سابق رکن قومی اسمبلی مولانا شاہ عبدالعزیز مجاہد نے قافلہ کی ضیافت اور قیام شب کا انتظام کیا۔

مولانا شاہ عبدالعزیز مجاہدنے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی امریکی جیل میں علالت اور اہلخانہ سے عدم رابطہ کی خبروں پر تشویس کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی رویہ کی شدید مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کے اقدامات کرے اور قوم کو ڈاکٹر عافیہ کی صحت کے بارے میں حقائق سے آگاہ کرے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ’’عافیہ رہائی قافلہ غیرت‘‘ پیدل مارچ کے شرکاء کرک پریس کلب پہنچے تو پریس کلب کے صدر محمد ریاض خٹک، صحافی برادری اور شہریوںنے قافلہ کاانتہائی گرمجوشی سے استقبال کیا اور قافلہ کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ کرک کی صحافی برادری قوم کی بیٹی کی وطن واپسی کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

انعام اللہ مروت نے بتایا کہ شہری اور گاڑیوں میں سوار افراد ’’عافیہ رہائی قافلہ غیرت‘‘ پیدل مارچ کے شرکاء کا جگہ جگہ پرتپاک استقبال کررہے ہیںاور لوگ اپنی گاڑیاںروک کر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ سے یکجہتی کا اظہاربھی کرتے ہیں۔بڑی تعداد میں شہری پیدل مارچ میں شمولیت کیلئے پرزور اصرار کرتے ہیں لیکن دشوار گذار راستوں پر سفر اور وسائل کی کمی کی وجہ سے ہمیں شہریوں سے معذرت کرنا پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کا یہ پرامن و پرعزم پیدل مارچ حکومت، اپوزیشن ، سیاستدانوں اور ارباب اختیار کی سوئی ہوئی غیرت جگانے کیلئے ہے۔ حکمرانوں اور ارباب اختیار کو عوامی خواہشات اور متفقہ مطالبہ کا احترام کرنا چاہئے اور قوم کی بیٹی کو جلد سے جلد وطن واپس لانا چاہئے اس طرح عوام کے دلوں میں ان کی توقیر پیدا ہوگی اور ملک کا وقار بھی بڑے گا۔

متعلقہ عنوان :