افغان حکومت نے افغان سرحد کے اندر سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں ہونے کا اعتراف کیا ہے، دہشت گردوں کو ہر جگہ جواب دیں گے، پاکستان اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 7 مارچ 2017 15:43

افغان حکومت نے افغان سرحد کے اندر سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں ہونے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2017ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغان حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ افغان سرحد کے اندر سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں جو ہمارے کنٹرول سے باہر ہیں۔ افغان حکومت کے ساتھ تعلقات کی خواہش اپنی جگہ مگر دہشت گردوں کو ہر جگہ جواب دیں گے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان ہمارے بھائی ہیں، ان کے ساتھ رشتے جڑے ہوئے ہیں اور ان کے ساتھ تعلقات بھی مثالی ہیں، حکومت ان کے ساتھ مفاہمت کی پالیسی جاری رکھے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ افغانستان کی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ افغان سرحد کے اندر سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں ہمارے کنٹرول اور اطلاع سے باہر ہیں، یہ کون لوگ ہیں، پاکستان ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرتا رہے گا، وہ جہاں بھی ہوں گے ان کے ٹھکانے تباہ کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات کی خواہش اپنی جگہ مگر دہشت گردوں کو ہر جگہ جواب دیں گے، افغانستان نے ای سی او کانفرنس میں رسمی شرکت کی ہے، اس طرح کے عمل سے یہ واضح ہوتا ہے کہ وہ بھارت کی کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مغربی سرحد بھی غیرمحفوظ ہو چکی ہے جبکہ مشرقی سرحد پر پہلے ہی بھارت بیٹھا ہوا ہے مگر پاکستان اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، جب پاکستان وجود میں آیا تو افغانستان نے بڑی دیر سے پاکستان کو تسلیم کیا جبکہ پاکستان نے 70 سالوں میں افغانستان کے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا۔ وزیردفاع نے کہا کہ پاکستان نے افغان جہاد میں افغان مہاجرین کی مدد کی اور لاکھوں مہاجرین کو ملک میں پناہ دی، ہم نے افغانستان کیلئے کبھی منفی رویہ نہیں رکھا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان کی حکومت کو اپنے معاملات پر توجہ دینے اور بے بنیاد بیانات و الزامات کا سلسلہ ترک کرنے کی ضرورت ہے۔