فوجی عدالتوں میں توسیع کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے، باڈر پر افغانستان کی طرف سے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کے واقعات سے دونوں ممالک کے درمیان اختلافات بڑھیں گے، وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی کی میڈیا سے گفتگو

منگل 7 مارچ 2017 14:23

فوجی عدالتوں میں توسیع کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے، باڈر پر افغانستان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2017ء) وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں میں توسیع کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے، باڈر پر افغانستان کی طرف سے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کے واقعات سے دونوں ممالک کے درمیان اختلافات بڑھیں گے ۔ منگل کویہاں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے افغانستان کی طرف سے باڈر پر سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کے واقعے پرافسوس کا اظہارکیا اورکہاکہ ہمیں اس کی توقع نہ تھی، پاکستان نے ہر معاملے پر افغانستان کو اعتماد میں لیا ہے اور بار بار دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے ختم کرنے کا مطالبہ کیا مگر افغانستان کی طرف سے مثبت جواب سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان کی طرف سے باڈر پر فائرنگ کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر دکھ ہوا اس واقع کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان گزشتہ تیس دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے، پاکستان نے افغان پناہ گزینوں کو تمام حقوق دیئے اور ان کو عزت سے رکھا ، اس طرح کے واقعات افغانستان کے لئے درست نہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مرد شماری میں قومی شناختی کارڈ رکھنے والے شہریوں کو اس علاقے میں مردم شماری میں شامل کیا جائے گا جس علاقے میں وہ رہائش پذیرہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے اور بہت جلد اس حوالے سے اتفاق رائے ہو جائے گا۔