لشکرجھنگوری کے ہلاک دہشت گرد دلدارعرف چاچا سے متعلق اہم انکشافات

دلدار نے عمران بھٹی عرف موٹا سے بم بنانا سیکھا،عمران موٹا 2010میں ماراگیا تھا،دلدار کے مارے جانے سے لشکر جھنگوی کا پرانا گروہ ختم ہوگیا، ثناء اللہ عباسی

منگل 7 مارچ 2017 13:41

لشکرجھنگوری کے ہلاک دہشت گرد دلدارعرف چاچا سے متعلق اہم انکشافات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2017ء) سی ٹی ڈی کے ہاتھوں کراچی کے علاقے کورنگی میں ہلاک کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشتگرد کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی کے مطابق لشکرجھنگوی کے سلیپرسیل کا امیردلدارعرف چاچا مانسہرہ کارہائشی تھا، اس نے 2001میں کالعدم مذہبی جماعت میں شمولیت اختیارکی۔

بعد ازاں دلدار نے لشکرجھنگوی میں 2010میں شمولیت اختیارکی تھی۔ ثناء اللہ عباسی نے بتایا کہ دلدارعرف چاچا نے عمران بھٹی عرف موٹا سے بم بنانا سیکھا، عمران بھٹی عرف موٹا 2010 میں ماراگیا تھا۔دلدار کے مارے جانے سے لشکر جھنگوی کا پرانا گروہ ختم ہوگیا۔ دلدارعرف چاچا گرفتار دہشت گرد اسحاق بوبی کا سسرتھا، اسحاق بوبی امجد صابری کے قتل اور سیکیورٹی اداروں پرحملوں میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کہاکہ کارروائیوں کو شفاف بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، دہشت گردوں سے ملنے والے دھماکا خیزمواد کو پہلی بار فارنزک ٹیسٹ کیلئے بھجوایا جارہا ہے۔مواد کا دہشت گردی میں استعمال مواد سے موازنہ کرایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ گرفتارملزمان سے تفتیش کیلئے جے آئی ٹی کی درخواست کر رہے ہیں، محکمہ داخلہ سے جے آئی ٹی کی درخواست میں پاک بحریہ کی شمولیت کی درخواست کرینگے۔