پاک فضائیہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ،ایئر چیف مارشل سہیل تنویر

پاکستان پرامن ملک دشمننے جارحیت کی تو بھرپور جواب دینگے قومی یکجہتی اور اتحاد کی وجہ سے تاریخ ساز دن دیکھنے کو ملا ،پی اے سی دفاعی پیداوار کے شعبے میں چیلنجز کا مقابلہ رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، موجودہ دور میں فضائی قوت انتہائی اہمیت کی حامل ہے،سربراہ پاک فضائیہ کا تقریب سے خطاب پی اے سی نے طیارہ سازی اور پرزوں کی تیاری میں دنیا میں اپنا لوہا منوایا ، جس کی بدولت ملک کا دفاع مزید مضبوط ہوا،وزیر دفاعی پیداواررانا تنویر حسین

منگل 7 مارچ 2017 13:26

پاک فضائیہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ،ایئر چیف مارشل ..
کامرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مارچ2017ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ،پاکستان پرامن ملک ہے اگردشمن کی جانب جارحیت کی گئی تو بھرپور جواب دینگے ، قومی یکجہتی اور اتحاد کی وجہ سے تاریخ ساز دن دیکھنے کو ملا ، پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس (پی اے سی)دفاعی پیداوار کے شعبے میں چیلنجز کا مقابلہ رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، پی اے سی پاک فضائیہ کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، موجودہ دور میں فضائی قوت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

منگل کے روز پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس کی جانب سے ایک ہزار جہازوں کی کامیاب اوورہالنگ پر کامرہ میں تقریب کا ا نعقاد کیا گیا جس میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قومی اتحاد اور یکجہتی کے باعث آج ہم اکٹھے ہیں پاکستان ایئروناٹیکل کملپیکس ملک میں ایک بہترین ادارے کے طور پر سامنے آیا ہے اور اس سلسلے میں پی اے سی نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں کئی سنگ میل عبور کئے ہیں اور اس ادارے کی صلاحیتیں قابل تعریف ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پی اے سی کے ماہرین کی خدمات قابل فخر ہیں جنہوں نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں چیلنجز کا مقابلہ کر نے کے قابل بنایا ۔پی اے سی پاک فضائیہ کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور موجودہ دور میں فضائی قوت کو انتہائی اہمیت حاصل ہے ۔سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ حکومت کے مکمل تعاون اور حمایت پر شکر گزار ہے اور کامرہ میں پی ایچ ڈی کی کلاسز شروع کررہے ہیں اور پی اے سی کی وجہ سے ملک میں پاک فضائیہ کو سستے اور معیاری پرزے میسر ہوجاتے ہیں ۔

اس ادارے نے محنت سے ملک کا کثیر زرمبادلہ بچایا ہے اور ان کامیابیوں کے حصول پر پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس مبارکباد کا مستحق ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی اے سی اس وقت پاکستان کے تحفظ اور خود کفالت کی ضمانت ہے اور پاک فضائیہ کواس ادارے پر فخر ہے۔انہوں نے کہاکہ پاک فضائیہ ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہزار ویں طیارے کی مکمل اوورہالنگ پر خوشی اور فخر ہے اور پی اے سی کامرہ قوم کیلئے فخر کی علامت ہے اس وقت پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس عالمی معیاری کا ادارہ ہے جس کے عملے کی محنت ، لگن اور خلوص قابل تعریف ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی اے سی کامرہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے اور توقع ہے کہ ادارہ اپنی جدت اور معیار کو برقرار رکھے گا۔

رانا تنویر نے کہا کہ پی اے سی نے طیارہ سازی اور پرزوں کی تیاری میں دنیا میں اپنا لوہا منوایا ہے جس کی بدولت ملک کا دفاع مزید مضبوط ہوا ہے ۔اس لحاظ سے ایویانکس فیکٹری کی صلاحیتیں بھی کسی سے کم نہیں ، جے ایف 17طیاروں کی تیاری پی اے سی کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور سلسلے میں حکومت اور ملکی و دفاع کے لئے خود انحصاری کو اولین ترجیح دیتی ہے ۔

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار نے مزید کہا کہ پی اے سی کی ترقی میں چین کا بھی خصوصی توجہ پاکستان کو حاصل رہا ہے اور چین کے تعاون سے پی اے سی کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کر نے کے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔تقریب کے اختتام پر ایئرچیف مارشل سہیل امان نے وزیردفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کو سویئر پیش کی جبکہ چیئرمین پی اے سی ایئر مارشل ارشد ملک نے ایئر چیف کو سویئر پیش کی ۔