مسرت عالم بٹ سمیت تمام حریت پسند کشمیریوں کو رہا کیا جائے ‘مسلم لیگ

بھارت اور اسکے مقامی گماشتے جموںو کشمیر میں بازی ہار چکے ہیں‘مسرت عالم بٹ

منگل 7 مارچ 2017 12:31

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میںمسلم لیگ جموں وکشمیر نے پارٹی چیئرمین مسرت عالم بٹ سمیت جیلوں میں نظر بند تمام حریت پسند کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت طاقت کے بل پر کشمیری عوام کی آواز دبانا چاہتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو اب یہ معلوم ہوگیا ہے کہ بھارت کس طرح جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا مرتکب ہورہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت اور اسکے مقامی گماشتے جموںو کشمیر میں بازی ہار چکے ہیں اسی لئے وہ کشمیری عوام کی آواز کو دبانے کے لیے انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا ارتکاب کررہے ہیں تاکہ ظلم وجبر کے ہتھکنڈ وں سے حریت پسند عوام کو زیر کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پارٹی جنرل سیکریٹری محمد رفیق گنائی، چیف آرگنائزر عبدلاحد پرہ، اسداللہ پرے، طارق احمد گنائی، معراج الدین نندا، مولوی سجاد، محمد رفیق رعنا،شوکت حکیم ،منظور احمد للہاری،امیر حمزہ، منظور احمد بھگت، اور دیگر نظربندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی وزیراعلیٰ اوراس کی حکومت ایک طرف کشمیری نظربندوں کو رہا کرنے کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے اور دوسری طرف عدالتوں کے ذریعے ان کی نظربندی کو طول دیا جارہا ہے۔ترجمان نے اقوام عالم اور انسانی حقوقِ کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی رہائی اور مقبوضہ علاقے میں نافذ کالے قوانین کی منسوخی کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں ۔

متعلقہ عنوان :