سرائیکی اجرک کا دن،ملتان وجنوبی پنجاب بھر میں شہر،شہر تقریبات کا انعقاد،سرائیکی صوبہ بننے میں موجودہ حکمران رکاوٹ ہیں ،پیپلزپارٹی سرائیکی صوبے کی حامی ہے،کروڑوں سرائیکی عوام محرومی کا شکار ہیں،پیپلزپارٹی ان کو تنہا نہیں چھوڑے گی،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کاتقریب سے خطاب،سرائیکی پارٹی کی رہنما عابدہ بخاری نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو سرائیکی اجرک پہنائی ،بہاوالدین زکریا یونیورسٹی میں ریلی

پیر 6 مارچ 2017 23:56

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مارچ2017ء) پاکستان بھر میں گزشتہ روز سرائیکی اجرک کا دن منایا گیا ،ملتان وجنوبی پنجاب بھر میں شہر ،شہرتقریبات کا انعقاد کیا گیا،ملتان پریس کلب میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ سرائیکی صوبہ بننے میں موجودہ حکمران رکاوٹ ہیں ،پیپلزپارٹی سرائیکی صوبے کی حامی ہے،کروڑوں سرائیکی عوام محرومی کا شکار ہیں،پیپلزپارٹی ان کو تنہا نہیں چھوڑے گی،سرائیکی صوبے کے قیام کیلئے جدوجہد جاری رہے گی ،الگ صوبے کے قیام میں موجودہ حکمران بھی رکاوٹ تھے اور اب بھی لیگی حکمران رکاوٹ ہیں جو سرائیکی صوبہ کیلئے اپنی ہی پاس کی گئی قراردادوں پرعمل نہیں کررہے ۔

اس موقع پر ملک فراز نون ،عابدہ بخاری ودیگر بھی موجود تھے،سرائیکی اجرک ڈے کے موقع پر سرائیکی پارٹی کی رہنما عابدہ بخاری نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو سرائیکی اجرک پہنائی ، بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ قومی مفاد میں کام کیا،ہم نے آئین بحال کیا توتمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پرساتھ دیا،فوجی عدالتوں پرقومی اتفاق رائے پیداکیاجائے،تحفظا ت کے باوجود ہم نے فوجی عدالتوں کو سپورٹ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پرمن وعن عملدرآمدہوناچاہیے۔دریں اثناء بہائوالدین زکریا یونیورسٹی،سرائیکی سٹوڈنٹس کے زیراہتمام سرائیکی اجرک کادن منایاگیا ۔ریلی میں طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ ریلی کی قیادت چیئرمین سرائیکی سٹوڈنٹس کونسل اعجاز خان نے کی اورمختلف اساتذہ اورطلباء کوسرائیکی اجرک پہنائی گئی اس موقع پرسرائیکی کونسل کے مختلف عہدیداران فاروق ملغانی ،عباس اعوان اورذوالقرنین جکھڑ بھی موجودتھے ۔