پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے‘پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں وژن 2025ء کا اہم کردار ہے

حکومت ملک میں مردم شماری کرانے کیلئے پرعزم ہے ‘مردم شماری کرانے کا فیصلہ اہم سنگ میل ثابت ہوگا، وزیراعظم کا ایجنڈا صرف پاکستان کی عوام اور ان کی خوشحالی ہے‘وہ پاکستان میں صرف پاکستان کے لوگوں کے لئے کام کر رہے ہیں،پائیدار ترقی کے حصول کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کرنا ہو گا‘پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی پارلیمنٹ میں جہاں پائیدار ترقی کیلئے سیکرٹریٹ قائم ہوا،پائیدار ترقی کے حصول میں معاشرے کے ہر طبقے کی شمولیت ضروری ہے وزیر مملکت برائے اطلاعات نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا پائیدار ترقی کے اہداف سے متعلق صحت اورغذائیت کے چیلنجز پرورکشاپ سے خطاب

پیر 6 مارچ 2017 23:52

پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے‘پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے‘پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں وژن 2025ء کا اہم کردار ہے حکومت ملک میں مردم شماری کرانے کیلئے پرعزم ہے ‘ مردم شماری کرانے کا فیصلہ اہم سنگ میل ثابت ہوگا، وزیراعظم کا ایجنڈا صرف پاکستان کی عوام اور ان کی خوشحالی ہے‘وہ پاکستان میں صرف پاکستان کے لوگوں کے لئے کام کر رہے ہیں،پائیدار ترقی کے حصول کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کرنا ہو گا‘پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی پارلیمنٹ میں جہاں پائیدار ترقی کیلئے سیکرٹریٹ قائم ہوا،پائیدار ترقی کے حصول میں معاشرے کے ہر طبقے کی شمولیت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پائیدار ترقی کے اہداف سے متعلق صحت اورغذائیت کے چیلنجز پر ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اورخطے کے ممالک کو پائیدار ترقی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے‘2013ء کے بعد پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے‘ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں وژن 2025ء کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے حصول کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کرنا ہو گا‘ اس میں ہر سطح پر مشاورت انتہائی اہم ہے‘ انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر بھی پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے یونٹ بن چکے ہیں‘ پائیدار ترقی کیلئے ترقی و منصوبہ بندی کی وزارت کے یونٹس کا کردار مثبت ہے‘ وفاقی وزیر احسن اقبال اس سلسلے میں مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے‘ تعلیم ، صحت اور دیگر تمام شعبوں کو ساتھ لیکر چلنا ہے‘ پائیدار ترقی کا حصول تمام اداروں کی باہمی کاوش سے ہی ممکن ہے۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں بھی کہا تھا کہ فروغ تعلیم کیلئے پر امن معاشرہ ضروری ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف ملکی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں‘ تمام صوبائی اسمبلیاں پائیدار ترقی کے حوالے سے کام پر مبارکباد کی مستحق ہیں، ارکان صوبائی اسمبلی کی شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی کے اہداف حاصل نہیں ہو سکتے‘ملکی ترقی کیلئے ہر صوبے کو اپنا حصہ ڈالنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کے اہدا ف کے حصول کیلئے پارلیمنٹ کی سطح پر ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے، ارکان پارلیمنٹ اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ مل کر موثر کردار ادا کر سکتے ہیں، ترقیاتی اہداف کے حصول میں پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹیوں کا کردار اہم ہے‘پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی پارلیمنٹ میں جہاں پائیدار ترقی کیلئے سیکرٹریٹ قائم ہوا‘ ارکان پارلیمنٹ اپنے حلقوں کے مسائل پارلیمنٹ میں بھی اٹھا سکتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کیلئے صحت اورغذائیت انتہائی اہم ہے‘ پارلیمنٹ اپریل اور مئی میں 2کانفرنسز منعقد کرے گی‘جن میں ایک کانفرنس میں آبادی اور اس سے متعلقہ مسائل کا احاطہ کیا جائے گاجبکہ دوسری واٹر منیجمنٹ کے حوالے سے ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اورصحت کے شعبوں کو سیاست سے بالاتر رکھ کر ہی ترقی ممکن ہے‘ ملکی تاریخ میں آج تک تعلیم و صحت پر اتنا کام نہیں ہوا جتنا آج ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن پائیدار ملکی ترقی ہے،وزیر اعظم محمد نواز شریف پاکستان میں صرف پاکستان کے لوگوں کے لئے کام کر رہے ہیں۔ ملک میں آبی مسائل کے حل پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے‘ملک میں مردم شماری کرانے کیلئے پرعزم ہیں۔مردم شماری کرانے کا فیصلہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف میں عالمی تنظیموں کو بھی شامل کیا جانا چاہیے، ملک میں نکاسی آب کے منصوبوں کیلئے یونیسیف سے معاہدہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اہداف کے حصول میں میڈیا کا کردار بھی نہایت اہم ہے‘ پارلیمانی رپورٹرز کو ترقیاتی اہداف کے حوالے سے تربیت فراہم کی جا رہی ہے‘ پائیدار ترقی کے حوالے سے ریڈیو پر خصوصی پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی چینلز کوپیمرا کے ذریعے 10فیصد وقت سماجی پیغامات نشر کرنے کے لئے مختص کرنے کا پابند بنایا جا رہا ہے‘ کالجز اور یونیورسٹیوں کی سطح پربھی ترقیاتی اہداف کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی سخت ضرورت ہے۔