ضلع کے تمام بچوں کی بہتری کیلئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں ، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص

پیر 6 مارچ 2017 23:51

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنر زاہد حسین میمن نے کہا ہے کہ ضلع کے تمام بچوں کی بہتری کیلئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں کیونکہ ہم سب ایک دوسرے کی زندگی سے جُڑے ہوئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنیادی صحت مرکز حمید پورہ کالونی میں انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پولیو مہم کو کامیاب بنانے اور پولیو کے خاتمے کا عزم کررکھا ہے انہو ں نے کہا کہ پولیو مہم میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ڈپٹی کمشنر نے بنیادی صحت مرکز کا تفصیلی دورہ کیا اور لوگوں سے علاج و معالج اورصحت کی سہولیات کے متعلق آگاہی لی اس موقع پر مقامی لوگوں نے کہا کہ بنیادی صحت مرکز حمید پورہ کالونی ماڈل ہسپتال کے طور پر کام کررہاہے مگر کچھ وقت سے لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے، ایکسرے یونٹ بند ہونے اور ادویات کی کمی کا شکار ہے جس پر ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور پی پی ایچ آئی کے نمائندے کو ہدایت کی کہ لوگوں کو صحت کی سہولیات ترجیح بنیادوں پر فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر انور پالاری ،ڈاکٹر خالد، ڈاکٹر نارائن داس ، پی پی ایچ آئی کے مانیٹرنگ آفیسر مشتاق لغاری، بنیادی صحت مرکز حمید پورہ کالونی کے انچارج میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سید ثاقب کاظمی اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :