اس وقت ملک بھر میں تین لاکھ 45 ہزار 510 شناختی کارڈز بلاک ہیں ،ْانجینئر بلیغ الرحمن

ایک لاکھ 17 ہزار 459 افراد کے غیر ملکی ہونے کی تصدیق ہوگئی ،ْوزیرمملکت

پیر 6 مارچ 2017 23:45

اس وقت ملک بھر میں تین لاکھ 45 ہزار 510 شناختی کارڈز بلاک ہیں ،ْانجینئر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2017ء)وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے سینٹ کو بتایا ہے کہ اس وقت ملک بھر میں تین لاکھ 45 ہزار 510 شناختی کارڈز بلاک ہیں جن میں سے ایک لاکھ 17 ہزار 459 افراد کے غیر ملکی ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔ پیر کو اجلاس کے دوران سینیٹر سلیم مانڈوی والا‘ شاہی سید اور دیگر ارکان کے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نادرا کا نظام اس وقت دنیا میں سب سے بہترین نظام ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نادرا کے ان ملازمین کے خلاف بھی کاروائی کی گئی ہے جو کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پائے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ مختلف وجوہات کی بناء پر بلاک کئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں فنگر پرنٹس اور چہرے کی مماثلت یا پھر افغان پناہ گزینوں کے کارڈز کے ساتھ مماثلت جیسی وجوہات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کے کسی افسر کو یہ اختیار نہیں کہ وہ بلاوجہ کسی کے شناختی کارڈ بلاک کرے۔

انہوںنے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں تین لاکھ 45 ہزار 510 شناختی کارڈز بلاک ہیں۔ ان میں سے 1 لاکھ 17 ہزار 459 کے غیر ملکی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ایک لاکھ 75 ہزار کیسز مختلف ایجنسیوں کے پاس ہیں۔ نادرا 52ہزار کیسوں کی تصدیق کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ کی تصدیق کے نظام میں اب تبدیلی لائی گئی ہے اور ملک بھر میں 88 زونل دفاتر قائم کئے گئے ہیں جبکہ ریجنل دفاتر بھی کام کر رہے ہیں جس سے شناختی کارڈز کی تصدیق کے عمل میں تیزی آئے گی۔