قومی زبان اردو کی ترویج و فروغ اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے تحت قائم اداروں کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، میئر کراچی وسیم اختر

پیر 6 مارچ 2017 23:36

قومی زبان اردو کی ترویج و فروغ اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے تحت قائم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ قومی زبان اردو کی ترویج و فروغ اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے تحت قائم اداروں کی کاوشیں قابل ستائش ہیں،1903ء سے قائم انجمن ترقی اردو برصغیر کا تاریخی اور پاکستان کا قدیم ترین علمی، ادبی و ثقافتی ادارہ ہے جسے قائم کرنے اور پروان چڑھانے میں ہمارے اکابرین نے بڑی قربانیاں دیں ، بابائے اردو کے خواب ’’اردو باغ‘‘ کی تعمیر میں جہاں تک ممکن ہوسکا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے تعاون فراہم کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے انجمن ترقی اردو پاکستان کی معتمد اعزازی ڈاکٹر فاطمہ حسن سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کی صبح خازن اعزازی و مشیر علمی و ادبی پروفیسر سحر انصاری کے ہمراہ میئر کراچی وسیم اختر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ادارے کی روایتی سرپرستی جاری رکھنے اور گلستان جوہر میں انجمن ترقی اردو کے دفتر اور کتب خانے کے لئے زیر تعمیر عمارت اردو باغ کو سرسبز اور شاداب بنانے سمیت، سڑک کی کٹائی اور عمارت کے اطراف تجاوزات کو ہٹانے اور صفائی ستھرائی کے لئے انتظامات کرنے کی درخواست کی،اس موقع پر مشیر مالیات خالد محمود شیخ، سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن سیف عباس، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کی اردو ادب اور ثقافت دوستی سے امید ہے کہ شہر میں واقع اس اہم قومی ادارے کو اس کے شایان شان بنانے میں ہرممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پرانجمن ترقی اردو کی سرگرمیوں اور مطبوعات کی اشاعت، کتب میلے ، کانفرنسوں اور دیگر ادبی و ثقافتی تقاریب کے انعقاد کے علاوہ گلستان جوہر میں اردو باغ کے لئے حاصل کئے گئے پلاٹ وہاں ہونے والے تعمیراتی کاموں کے حوالے سے بھی میئر کراچی کو تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث منصوبے کے مطابق تعمیراتی کام انجام نہیں دیاجاسکا تاہم اس سلسلے میں کوششیں جاری ہیں۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اردو ہماری قومی زبان ہے اور ہمارے لئے یہ امر باعث فخر ہے کہ دنیا میں اردو تیزی سے مقبولیت حاصل کرنے والی زبانوں میں شامل ہے اور اس میں ہمارے شعراء کرام ، ادیبوں اوراساتذہ کا بہت بڑا کردار رہا ہے جنہوں نے مختلف ادوار میں قومی زبان اردو کو نکھارنے اور سنوارنے میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اردو ہی وہ زبان ہے جو ہمارے ملک میں بسنے والی تمام علاقائی اکائیوں کو باہم یکجا کرتی ہے کیونکہ یہی ہمارے درمیان رابطہ کا واحد ذریعہ ہے۔

قومی یکجہتی میں اردو زبان نہایت اہم کردار ادا کرتی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان کا فروغ ہم سب کے مفاد میں ہے کیونکہ اسی طرح ہم باہمی فاصلوں کو کم کرکے ایک دوسرے کے قریب آسکتے ہیں اور اردو کی خوشبو سے اپنے گلستاں کو مہکاسکتے ہیں۔ میئر کراچی نے کے ایم سی بلڈنگ آمد پر انجمن ترقی اردو کی معتمد ڈاکٹر فاطمہ حسن کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ قومی زبان اردو کے فروغ کے لئے انجمن ترقی اردو پاکستان اسی طرح اپنا کر دار ادا کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :