شہید عبداللہ مراد ملیر کے غریب عوام کے حقوق کے تحفظ اور جدوجہد کا نام ہے اور وہ اپنے لوگوں اور پارٹی کے ساتھ ہمیشہ وفادار اور مخلص رہے، وزیراعلیٰ سندھ

پیر 6 مارچ 2017 23:36

شہید عبداللہ مراد ملیر کے غریب عوام کے حقوق کے تحفظ اور جدوجہد کا نام ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2017ء) شہید عبداللہ مراد ملیر کے غریب عوام کے حقوق کے تحفظ اور جدوجہد کا نام ہے اور وہ اپنے لوگوں اور پارٹی کے ساتھ ہمیشہ وفادار اور مخلص رہے۔ یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سابق رکن صوبائی اسیمبلی عبداللہ مراد کی اولڈ تھانو ولیج ضلع ملیر میں منعقدہ 13ویں برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ(وزیراعلیٰ سندھ) اور عبداللہ مراد 2002میں پہلی مرتبہ بطور رکن صوبائی اسیمبلی منتخب ہو کر آئے تھے اس وقت پی پی اپوزیشن میں تھی اور ہم نے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علیشاہ اور نثار کھوڑو کی زیر رہنمائی سندھ کے لوگوں کے لئے بہت کام کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عبداللہ مراد ملیر کا ایک بہادر سپوت تھا اور اسکے دل میں غریب لوگوں کے لئے درد تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے لوگوں کے حقو ق کے تحفظ کے لئے مختلف مافیاز مثلا ریتی ، بجری ، بلڈراور دیگر کے خلاف لڑائی لڑی ۔ انہوں نے کہا کہ عبداللہ مراد ملیر کی زمینوں کو تحفظ دے کر اسکی زرعی معشیت کو بہتر بنانا چاہتے تھے اور وہ ملیر ندی سے ریتی بجری نکالنے کے خلاف تھے کیونکہ اسکی وجہ سے ملیر کے پانی کے کنوں کی سطح بہتر نہیں ہو سکتی تھی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے ضلع کے لوگوں کیلئے اچھی تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی کام کیا ۔

جس کے لئے انکے ذہن میں مختلف پروگرامز تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انکی اس جدوجہد اور جذبے کو دیکھتے ہوئے مختلف عناصر بشمول کراچی کے خود ساختہ چیئمپین خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے تھے اور وہ انہیں علاقے سے ہٹانے کے لئے کوشاں تھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے اس بہادر سپوت عبداللہ مراد کو آج ہی کے دن 2004میں قتل کر دیا گیا تھا مگر وہ آج اپنے بیٹے سلمان مراد چئیرمین کراچی ڈسٹرکٹ کونسل کی صورت میں زندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ سلمان مراد بھی اپنے والد کی پیروی کرتے ہوئے بلا تفریق اپنے لوگوں اور ضلع کی خدمت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ شہادت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کی میراث ہے اور عبداللہ مراد نے بھی اسکی پیروی کی اور وہ بطور ایک ہیرو ہمارے دلوں میں ہمیشہ رہنگے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہاں گرائونڈ میں لوگوں کا اتنا بڑا مجمع جو انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جمع ہوا یہ دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ عبداللہ مراد کے بارے میں انکا جذبہ کس قدر ہے۔

اجتماع سے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے بھی عبداللہ مراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سچے سیاسی ورکر تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف ضلع ملیر بلکہ پورے صوبے سندھ اور حتیٰ کے پورے پاکستان کے غریب لوگوں کی خدمت کرنا چاہتے تھے۔

متعلقہ عنوان :