عوام نے عزم ،ولولے سے ثابت کر دیا دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،سپریم کورٹ کا جو فیصلہ آئیگااسے قبول کرینگے‘ وزیر قانون

آج تک کسی بھی مقبول لیڈر شپ کوانتظامی یا عدالتی طور پر ختم نہیں کیا جا سکا ،شیخ رشید نے ٹکٹ 500روپے والا خریدا ،قیام فائیو اسٹار ہوٹل میں کیا دو لوگ اسٹیڈیم میں موجود رہے جو چاہتے تھے ہلہ گلہ ہو لیکن ان کی دال نہیں گلی ‘ رانا ثنا اللہ خان کی اسمبلی احاطے میں میڈیا سے گفتگو

پیر 6 مارچ 2017 23:33

عوام نے عزم ،ولولے سے ثابت کر دیا دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2017ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی کامیابی پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے ،عوام کے عزم اور ولولے سے ثابت ہو گیا ہے کہ دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،سپریم کورٹ کا جو فیصلہ آئے گااسے قبول کریں گے،آج تک کسی بھی مقبول لیڈر شپ کوانتظامی یا عدالتی طور پر ختم نہیں کیا جا سکا ،شیخ رشید نے پی ایس ایل فائنل کے لئے 500روپے والا ٹکٹ خریدا جبکہ انہوں نے قیام فائیو اسٹار ہوٹل میں کیا ، دو لوگ اسٹیڈیم میں موجود رہے جو چاہتے تھے ہلہ گلہ ہو لیکن ان کی دال نہیں گلی اور وہ کچھ دیر بعد واپس چلے گئے۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل میچ دہشت گردوں کی شکست ہے ،یہ فائنل ایسی صورت اختیار کر گیا تھا کہ ایک طرف دہشتگردی کا خوف تھا تو دوسری طرف قوم کا جذبہ اور عزم تھا اس لئے ہم نے ہر صورت دہشت گردی کو شکست دینی ہے اور دیدی ہے ۔

(جاری ہے)

عوام نے بتا دیا ہے کہ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،دہشت گردی کا خوف نہیں لینا بلکہ اسے شکست سے دو چار کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے اس جوش و جذبے اور عزم کو دہشتگردوں کے حواری دہشتگردی سے ملاتے رہے لیکن ان کا پاگل پن اور ان کے چہرے سب پر بے نقاب ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دو لوگ اسٹیڈیم میں موجود رہے جنہیں کرکٹ کا کچھ پتہ نہیں ،وہ چاہتے تھے ہلہ گلہ ہو لیکن ان کی دال نہیں گلی اور وہ کچھ دیر بعد واپس چلے گئے۔ایک صاحب ہر وقت شرارت کے موڈ میں رہتے ہیں ان کی تقریر انتہائی مکرانہ ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو میرا شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ وہ جس قسم کا تماشا بنانا چاہتے تھے اس پر کہیں ان کے ساتھ تماشا نہ ہو جاتا ۔پی سی بی کو کہا کہ انہیں وی آئی پی کا ٹکٹ دیں کیونکہ جنرل انکلوژر میں بیٹھنے والا ہجوم کنٹرول نہیں ہوتا لیکن ہم نے وہاں پر سکیورٹی لگائی تھی ۔شیخ رشید نے ٹکٹ تو 500والا خریدا لیکن ٹھہرے فائیو سٹار ہوٹل میں یہ ڈرامے بازی اب نہیں چلیں گی ۔

شیخ رشید پر جوتا مارنا غلط ہے کسی سیاسی مخالف کے ساتھ ایسی حرکت نہیں ہونی چاہیے ،ہمیں دوسرے سیاسی مخالف جماعت کے لیڈر کا احترام کرنا چاہیے ،اگر پی ٹی آئی کے سربراہ اس قسم کی گفتگو نہ کریں تو ہم بھی خان صاحب کی خوب عزت کریں گے لیکن ہمیں مجبوراًجواب دینا پڑتاہے۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کا معاملہ نواز شریف اور (ن) لیگ جیت چکے ہیں ،سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد ہے ،ججز بہترین انسان ہیں ،سپریم کورٹ کا جو فیصلہ آئے گااسے قبول کریں گے۔

آج تک کسی بھی مقبول لیڈر شپ کوانتظامی یا عدالتی طور پر ختم نہیں کیا جا سکا ،عدالت نے بھٹو کو سزا دی لیکن عوام نے انہیںقاتل نہیں سمجھا آج تک عوام تو کجا کسی عدالت نے ملزم نہیںسمجھااور ان کے کیس کا کہیں حوالہ نہیں دیا جاتا۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی میں ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے بعد کوئی بھی مقبول لیڈر نہیں ، بلاول بھٹو کو نکمے کوچ ملے ہیں جو انہیں ناکام نہ کر دیں، یوسف رضا گیلانی بھی مقبول رہنما نہیں تھے ۔