میچ میں عوام کی دلچسپی اور جوش و خروش سے واضح ہو گیا ہے کہ قوم کا عزم خوف سے زیادہ مضبوط ہے‘شہبازشریف

پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کا لاہور میں انعقاد پوری قوم کی آواز تھی، قومی یکجہتی کو فروغ ملا اور دہشت گردوں کو شکست ہوئی پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کے بعد کرکٹ کے میدان آباد ہوں گے اور غیرملکی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی‘وزیراعلیٰ پنجاب وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پاکستان سپر لیگ فائنل کا انعقاد کرکے ایک مرتبہ پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے‘اقبال ظفر جھگڑا

پیر 6 مارچ 2017 23:33

میچ میں عوام کی دلچسپی اور جوش و خروش سے واضح ہو گیا ہے کہ قوم کا عزم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے خیبرپختونخوا کے گورنر ظفر اقبال جھگڑا نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد پر وزیراعلی پنجاب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا کامیاب انعقاد کرکے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ایک مرتبہ پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

پی ایس ایل فائنل کے بہترین انتظامات پرپنجاب حکومت اور متعلقہ ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ فائنل میچ کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ تمام اداروں کی شب و روز محنت سے پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔

(جاری ہے)

لاہور میں پی ایس ایل کا انعقاد پورے ملک کیلئے اعزاز کی بات ہے اور پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کا لاہور میں انعقاد پوری قوم کی آواز تھی۔

قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے خیبرپختونخوا سمیت ملک کی تمام اکائیوں سے طلبا و طالبات کو پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھنے کی دعوت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے اس میگاایونٹ میں بھرپور شرکت کرکے ثابت کر دکھایا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔میچ میں عوام کی دلچسپی اور جوش و خروش سے واضح ہو گیا ہے کہ قوم کا عزم خوف سے زیادہ مضبوط ہے۔

پی ایس ایل کے انعقاد سے قومی یکجہتی کو فروغ ملا اور دہشت گردوں کو شکست ہوئی۔ شائقین کرکٹ کو پرامن اور محفوظ ماحول میں شاندار فائنل میچ دیکھنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ انہو ںنے کہا کہ پاکستانی قوم کے امن، خوشیوں اور سکون چھیننے والے دہشت گردوں کو شکست ہوئی ہے اور قوم کے مضبوط ارادوں نے امن کے دشمنوں کو شکست دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کے بعد کرکٹ کے میدان آباد ہوں گے اور غیرملکی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔