بجلی سے محروم سکولوں کو سولر پینلز کی فراہمی کے لئے جامع سروے جلد مکمل کیا جائے‘شہبازشریف

خادم پنجاب اُجالا پروگرام کے تحت صوبے کے 20ہزارسکولوں کو سولر انرجی کے ذریعے روشن کیا جائے گا بجلی سے محروم سکولوں کو روشن کرکے ان کو پوری طرح فعال کرنا ہماری ترجیح ہونا چاہیے‘وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 6 مارچ 2017 23:33

بجلی سے محروم سکولوں کو سولر پینلز کی فراہمی کے لئے جامع سروے جلد مکمل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میںخادم پنجاب اُجالا پروگرام پر عملدر آمداورپروگرام کے مختلف امور کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خادم پنجاب اُجالا پروگرام کے تحت صوبے کے 20ہزارسکولوں کو سولر انرجی کے ذریعے روشن کیا جائے گا۔

اس پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب کے سکولوں سے کیا جارہا ہے ۔پروگرام پرمرحلہ وار عملدرآمد کرتے ہوئے رواں سال کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ بجلی سے محروم سکولوں کو سولر پینلز کی فراہمی کے لئے جامع سروے جلد مکمل کیا جائے۔ پروگرام پر عملدر آمد کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں پر پوری طرح عملدر آمد کیا جائے ۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں کمیٹی ہر ہفتے پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لے ۔

انہوںنے کہا کہ بجلی سے محروم سکولوں کو روشن کرکے ان کو پوری طرح فنکشنل کرنا ہماری ترجیح ہونا چاہیے۔منصوبے پر عملدر آمد کے لئے محنت سے کام کرنا ہے۔پنجاب حکومت صوبے میں سورج سے توانائی کے حصول کے شمسی پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں حکومت نے اپنے وسائل سے 100میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ لگایا ہے ۔

ترکی کی ذورلوانرجی کمپنی سے 300میگاواٹ سولر پاور پلانٹ کا معاہدہ بھی طے پایا ہے ۔کنسلٹنٹ جروینگ ڈریسمن (Gerwin Dreesmann)نے سکولوں کو سولر پینلز کی فراہمی کے حوالے سے مختلف ماڈلز کے بارے میں بریفنگ دی۔مشیر ڈاکٹر عمر سیف،چیف سیکرٹری ،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سیکرٹریز مواصلات و تعمیرات ،خزانہ ، سکولز ایجوکیشن، توانائی اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :