وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی اسلام آباد میں سی پیک ٹاور تعمیر کرنے کی ہدایت

بلند ترین عمارت چین اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور پاک چین دوستی کی علامت ہوگی عمارت میں ہوٹل، دفاتر اور کمرشل کمپلیکس قائم کیا جائے گا ،ْاجلاس سے خطاب

پیر 6 مارچ 2017 23:30

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی اسلام آباد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2017ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے اسلام آباد میں سی پیک ٹاور تعمیر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلند ترین عمارت چین اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور پاک چین دوستی کی علامت ہوگی۔ پیر کو وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وزارت منصوبوں بندی، دیگر وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر ممبر انفراسٹرکچر ، پلاننگ کمیشن کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی جو اس منصوبے کو عملی شکل دینے کیلئے کام کرے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کمیٹی کو سی پیک ٹاور کی فیزبیلٹی، سائٹ کی نشاندہی اور اس مقصد کیلئے اراضی کے حصول کا ٹاسک بھی دے دیا، انہوں نے کہا کہ کمیٹی متعلقہ اداروں کیساتھ مل کر بلند ترین عمارت کی تعمیر کے حوالے سے قواعد و ضوابط کا جائزہ لے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ ٹاور نہ صرف چینی اور دیگر سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرے گا بلکہ یہ پاک چین دوستی کی علامت بھی تصور ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ بلند ترین عمارت اسلام آباد کے نقشے کو تبدیل کرنے میں مدد دے گا جہاں قائم انٹر پرائز زونز کے زریعے سائنس اور ٹیکنالوجی، تحقیق اور ترقی، فنانس اور ثقافتی شعبے میں جدت لانے کی کوشش کی جائے گی، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمارت میں ہوٹل، دفاتر اور کمرشل کمپلیکس قائم کیا جائے گا۔