آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ قطر ،وزیر دفاع اور چیف آف سٹاف سے ملاقاتیں

خطے کی سیکیورٹی اور دفاعی تعاون میں اضافے پر تبادلہ خیال ، قطری وزیر دفاع کی دفاعی تعاون میں اضافے کی تجویز قطری چیف آف سٹاف نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاک فوج کی گرانقدر خدمات کو سراہا دفاعی تعاون میں مجوزہ اضافے سے دو طرفہ تعلقات خطے کی سیکیورٹی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ، جنرل قمر جاوید باجوہ

پیر 6 مارچ 2017 23:30

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ قطر ،وزیر دفاع اور چیف آف سٹاف ..
راولپنڈی/ دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2017ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے سرکاری دورہ قطر کے دوران قطر کے وزیر دفاع ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ سے ملاقات کی جس کے دوران خطے کی سیکیورٹی اور دفاعی تعاون میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قطری وزیر دفاع نے پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے دفاعی شعبے میں دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ)غینم بن شاہین الغینم سے بھی ملاقات کی ۔ قطری چیف آف سٹاف نے علاقائی امن اور استحکام کیلئے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کیخلاف جنگ کے ذریعے پاک فوج کی گرانقدر خدمات کو سراہا۔ پاک فوج کے سربراہ نے دونوں شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی قطر کے ساتھ اپنے دفاعی تعاون کو بہت اہمیت دیتی ہے ۔ پاک قطر دفاعی تعاون بڑھانے کے حوالے سے آرمی چیف نے کہا کہ تعاون میں مجوزہ اضافے سے دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ خطے کی سیکیورٹی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔