افغان سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 3خودکش بمباروں سمیت داعش کے 37جنگجو ہلاک، کاربم دھماکے میں 15طالبان جنگجومارے گئے ،داعش نے 2افراد کو پھانسی دینے کی ویڈیو جاری کردی، پینٹاگون نے ڈرون حملے میں سینئر القاعدہ رہنما فاروق القطانی کی ہلاکت کی تصدیق کردی

افغان حکومت اور عوام کی حمایت جاری رکھیں گے ،قائمقام امریکی نمائندہ خصوصی

پیر 6 مارچ 2017 23:30

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مارچ2017ء) افغان سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 3خودکش بمباروں سمیت داعش کے 37جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ کاربم دھماکے میں 15طالبان جنگجوہلاک ہوگئے،داعش نے 2افراد کو پھانسی دینے کی ویڈیو جاری کردی جبکہ پینٹاگون نے ڈرون حملے میں سینئر القاعدہ رہنما فاروق القطانی کی ہلاکت کی تصدیق کردی ،دوسری جانب امریکہ نے کہا ہے کہ وہ افغان حکومت اور عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

پیر کو افغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں خودکش بمباروں سمیت داعش کے 37جنگجو ہلاک ہوگئے ۔صوبائی پولیس کمانڈنٹ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ داعش کے جنگجوئوں نے اتوار کی رات ضلع آچن کے علاقوں پاندولہ،گردی،عبدالخیلاور گوشتل میں سیکورٹی فورسز کی پوسٹوں پر حملے کیے ہیں جس پر افغان فورسز نے جوابی کاروائی کی ہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیاہے کہ جھڑپوں کے دوران تین خودکش بمباروں سمیت37شدت پسند ہلاک ہوگئے ۔پولیس کمانڈنٹ کے مطابق جھڑپوں کے دوران سیکورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ادھر شمالی صوبہ قندوز میں کاربم دھماکے میں 15طالبان جنگجوہلاک ہوگئے ۔وزار ت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعہ ضلع امام صاحب میں پیش آیا جہاں عسکریت پسند قندوز کے علاقے میں کاربم دھماکے کی تیاری کررہے تھے کہ دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 15طالبان جنگجو ہلاک اور 3دیگر زخمی ہوگئے ۔

پینٹاگون نے افغانستان کے مشرقی صوبہ کنٹر میں ڈرون حملے میں سینئر القاعدہ رہنما فاروق القطانی کی ہلاکت کی تصدیق کردی ۔حملہ 23اکتوبر کو کیا گیا تھا۔ اسی روز ایک دوسرے حملے میں ایک اور سینئر القاعدہ رہنما بلال العتبانی کی امریکہ نے ہلاکت کی تصدیق کی تھی ۔ادھر شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) نے 2افراد کو پھانسی دینے کی ویڈیو جاری کردی۔

واقعہ مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع آچن میں پیش آیا تھا جہاں دو افراد کے سر قلم کردیئے گئے تھے ۔دوسری جانب افغانستان اور پاکستان کیلئے امریکہ کی قائمقام خصوصی نمائندے لوریل ملر کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ افغانستان کی مدد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے ۔انھوںنے افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کے دوران افغان حکومت اور عوام کے ساتھ امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔