پی ایس ایل کی کامیابی کووطن کیلئےخون بہانےوالےشہداء کےنام کرتے ہیں،شہبازشریف

بسنت کیلئےبھی تیارہوں بشرطیکہ دھاتی اورکیمیکل ڈورکاخاتمہ ہو،کامیاب میچ دہشتگردوں اورانتہاپسندوں کیلئےواضح پیغام ہےکہ وہ ملک چھوڑجائیں ورنہ تباہ ہوجائینگے،دہشتگردی کیخلاف آپریشن ردالفسادآپریشن کی تائید پوری قوم کرتی ہے،پی ایس ایل کی کامیابی پرپوری قوم،وزیراعظم،آرمی چیف،وزیرداخلہ،کورکمانڈرلاہور،پاک فوج،رینجرزاورتمام اداروں کاتہہ دل سےشکرگزارہوں،وزیراعلیٰ پنجاب کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 6 مارچ 2017 20:29

پی ایس ایل کی کامیابی کووطن کیلئےخون بہانےوالےشہداء کےنام کرتے ہیں،شہبازشریف
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06مارچ2017ء) : وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سپرلیگ کا فائنل میچ ماؤں ، بہنوں ، بیٹیوں اور بزرگوں کی دعاؤں سے کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے - اس میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم اللہ تعالی کے حضور سر بسجود ہے - بلا شبہ یہ صرف کرکٹ کا مقابلہ نہیں تھا بلکہ یہ میچ پاکستان کے دشمنوں کے خلاف تھا ۔

اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اس مقابلے میں پاکستان کے 20 کروڑ عوام سرخرو ہوئے ہیں ۔ اس میچ میں پاکستان جیتا ہے اور اس کے دشمن کی ہار ہوئی ہے - پاکستان کو کامیابی ملی ہے جبکہ اس کے مخالفوں، دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کو شکست ہوئی ہے ۔ کامیاب میچ کا انعقاد امن کے دشمنوں کیلئے واضح پیغام ہے کہ دہشت گرد اور انتہا پسند ملک چھوڑجائیں ورنہ وہ تباہ ہو جائیں گے- پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو گا اور وہ دن ضرور آئے گا جب پاکستان سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا اور یہ ملک صحیح معنوں میں قائد کا پاکستان بنے گا ۔

(جاری ہے)

فائنل میچ میں پشاور سے کراچی تک پوری قوم یکجان دو قالب نظر آئی اورقومی وحدت کا بھرپور اظہار ہوا۔ میچ دیکھنے کے لئے پورے پاکستان سے لوگ لاہور آئے اور ہر طرف جشن کا ساسماں تھااور پورا پاکستان قائد کے خوابوں کی تصویر پیش کر رہا تھا- وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے کامیاب انعقاد کے حوالے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ، مجتبی شجاع الرحمن ، زعیم حسین قادری، جہانگیر خانزادہ ، مشیر ملک محمد احمد خان ، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، انسپکٹر جنرل پولیس اور پنجاب کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے لاہور میں فائنل میچ کے انعقاد کیلئے باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اس میچ کے انعقاد کے حوالے سے نئی امید باندھی اور بھرپور تعاون کیا- آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور کور کمانڈر لاہور نے بھی میچ کے انعقاد کے حوالے سے بھرپور تعاون کیا۔ ہم کل کے میگا ایونٹ کی کامیابی ان شہیدوں اور غازیوں کے نام کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز کے امن کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے اور اپنے لہوسے اپنے وطن کی آبیاری کی ۔

اس جیت کو حالیہ دہشت گردی میں شہید ہونے والے پولیس افسروں اور شہریوں کے نام کرتے ہیں ۔ ان شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی- پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا - میں ان غیر ملکی مہمانوں اور کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان آ کر دوستی کا حق نبھایا۔ خاص طور پر ویون رچرڈ، ڈیرن سیمی اور دیگر غیر ملکی مہمانوں اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔

وزیر اعلی نے کہا کہ بعض نادان دوستوں نے اپنے غلط بیانات دے کر غیر ملکی کھلاڑیوں کو خوفزدہ بھی کیا جس بنا پر کچھ کھلاڑی ڈر گئے اور پاکستان نہیں آئے- انہوں نے کہا کہ خدشات ضرور موجود تھے تا ہم پاک فوج ، رینجرز ، پولیس، سیکورٹی اداروں ، پاکستان کرکٹ بورڈاوردیگر متعلقہ اداروں کی دن رات کی کاوشیں رنگ لائیں اور یہ قومی ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔

وزیر اعظم ، آرمی چیف اور اپنے دوست وزیر داخلہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پہلی مرتبہ یاد دہانی کے بغیر فضائی نگرانی کے لئے ہیلی کاپٹر مہیا کئے۔ صوبائی وزراء ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس ، وفاقی اور صوبائی اداروں اور اس ایونٹ کو کامیاب بنانے والے سب اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں -فوج اور پولیس کے افسران اور پوری عوام کل یکجان دو قالب نظر آئے اور اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے -پنجاب کی ٹیم نے افواج پاکستان اور رینجرز کے ساتھ مل کر اس میچ کو کامیاب بنایا - انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر بھی کامیابی سے جاری ہے - انشاء اللہ توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے 2018 ء کے آخر تک ملک سے بجلی کے اندھیرے ختم ہو جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا بے پایاں فضل و کرم ہے کہ لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ میری دعا ہے کہ آئندہ پی ایس ایل کے میچز سندھ ، بلوچستان، کے پی کے اور پنجاب بھر میں ہوں تا کہ پوری قوم کو اس میں شمولیت کا موقع ملے - انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ملک ترقی و خوشحالی کا سفر طے کرے گا ، ملک سے ظلم و زیادتی ، بربریت اور انتہا پسندی دفن ہو گی- وزیر اعلی نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سب کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا راستہ کھلا ہے اور انشاء اللہ آنے والے وقتوں میں یہاں کرکٹ کے ساتھ ہاکی اور دیگر کھیلوں کے عالمی مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ میں شعبدہ بازی پر یقین نہیں رکھتا ، لوگ مجھے شوباز بھی کہتے ہیں یہ ان کو مبارک ہو ، میں عوام کی خدمت پر یقین رکھتا ہوں اور ان کی خدمت کرتا رہوں گا ۔ فائنل میچ کے حوالے سے عمران اور زرداری کی مخالفت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ان میں سے ایک شخص تو ملک کے نامور کرکٹررہ چکے ہیں - کاش وہ فائنل میچ کے انعقاد کے حوالے سے ایسا بیان نہ دیتے بلکہ انہیں چاہیے تھا کہ وہ اس میچ کو میاب بنانے کے لئے آگے بڑھتے اور اپنے دوستوں سے روابط کر کے انہیں یہاں کھیلنے کے لئے لاتے ۔

قذافی سٹیڈ یم کی وسعت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ اس حوالے سے پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی سے بات چیت ہوئی ہے ان سے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نئے سٹیڈیم کے قیام کیلئے زمین دینے کیلئے تیا ر ہے ۔ وزیر اعلی نے ردالفساد آپریشن کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ قوم نے فائنل میچ کے انعقاد کے موقع پر جس قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے شائدآنکھ نے پہلے کبھی ایسا منظر نہ دیکھا ہو ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ردالفسادآپریشن کی تائید پوری قوم کرتی ہے اور یہ آپریشن بلا امتیاز رنگ ونسل کیا جا رہا ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ میں یوٹرن کا عادی نہیں ہوں- بسنت کے لئے تیار ہوں تا ہم اس کیلئے ضروری ہے کہ دھاتی اور کیمیکل ڈور کا خاتمہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ جشن بہاراں کی تقریبات کو بھی آگے بڑھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستا ن میں امن او خوشحالی کا دور لانے کیلئے پاکستان کے مخالفین کو نیست و نابود اور اپن کے دشمنوں کو دفن کرنا ہو گا ۔ حالات نارمل ہو جائیں گے تو پھر سب کچھ ٹھیک ہو گا ، قوم آگے بڑھے گی اور کامیابیاں سمیٹے گی۔