حافظ آباد ، پاکستانی خواتین صحت ،سیاست ،کھیل اور دیگر شعبوں میں صلاحیتوں کالوہا منوا رہی ہیں، سائر ہ افضل تارڑ

بیرونی دنیا میں پاکستانی خواتین کی جو منفی تصویر پیش کی جاتی ہے جوحقیقی نہیں، وزیر مملکت برائے ہیلتھ سروسز

پیر 6 مارچ 2017 23:10

حافظ آباد ، پاکستانی خواتین صحت ،سیاست ،کھیل اور دیگر شعبوں میں صلاحیتوں ..
حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2017ء) وزیر مملکت برائے ہیلتھ سروسز میڈم سائر ہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے بیرونی دنیا میں پاکستانی خواتین کی جو منفی تصویر پیش کی جاتی ہے وہ حقیقت سے بالکل بھی مطابقت نہیں رکھتی اور اصل حقیقت تو یہ ہے کہ آج پاکستانی عورت ملکی تعمیر و ترقی اور مختلف شعبہ ء ہائے زندگی میں کسی بھی ترقی یافتہ ملک کی خواتین کے برابر اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین تعلیم ،صحت ،سیاست ،کھیل،سماجی فلاح و بہبود اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھر پور اظہار کرنے کے ساتھ اپنی قابلیت کا لوہا بھی منوا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اور آئین خواتین کو تمام بنیادی حقوق کی ضمانت فراہم کرتا ہے اور آج سے چودہ سو سال قبل خواتین کے حقوق کا تحفظ انکی عزت و احترام اور مذہبی حدود کو پیش نظر رکھ کر کاروبار تک کرنے کی سنہری مثال صرف اسلام ہی دے سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ اور مختلف سماجی تنظیموں کے اشتراک سے جناح ہال میں عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میڈم مرضیہ حسنین چنگیزی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فخر السلام ڈوگر ،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد نواز گوہر،میڈم مائدہ ترمذی ،سٹی چیئرمین حاجی جمشید عباس تھہیم،ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر ساجدہ مشتاق ،مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز خواتین ،میڈیا کے نمائیندوں اور طالبات نے تقریب میں شرکت کی ۔

میڈم سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ خواتین کا کردار اور لباس اُنکی عزت بڑھانے اور گھٹانے کا ایک اہم پیمانہ ہے اور اہم سب خواتین کو ہر حال میں اسلامی تعلیمات کو اپناتے ہوئے گھر کے اندر اور باہر خود کو ایک رول ماڈل کے طور پر پیش کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قوموں کی تعمیر و تشکیل اور اولاد کی بہترین تربیت میں اصل اور کلیدی کردار مائوں اور گھر کی بزرگ خواتین کا ہوتا ہے جس میں خرابی کا نتیجہ بچوں کے کردار میں واضح نظر آجاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مردوں کو بھی خواتین پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں جائز آزادی ضرور دینا چاہیے تاکہ وہ ایک صحت مند ماحول میں رہ کر اپنی فطری اور ذہنی صلاحیتوں کا بھر پور اظہار کر سکیں۔میڈم سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ملک کے دیگر اضلاع کی طرح حافظ آباد کی خواتین بھی مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیںجس کی بدولت مجموعی سماجی ماحول میں بھی واضح بہتری آنا شروع ہو گئی ہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی (جی) میڈم مرضیہ حسنین چنگیزی نے کہا کہ تعلیم خواتین کی ذہنی اور معاشرتی ترقی کا اصل زینہ ہے اور آج کی تعلیم یافتہ خواتین انتظامیہ ،عدلیہ،ملٹری،ایئر فورس اور دیگر بے شمار اور قدرے مشکل شعبوں میں بھی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ عہدوں پر کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گھریلواعتماد اور اچھی تربیت کی حامل خواتین ایک اثاثہ ہوتی ہیں اور ایسی خواتین ہی اصل معاشرتی بہتری کی بنیاد رکھ سکتی ہیں۔

تقریب میں ضلع کی ممتاز خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھا ئی گئی جن میں انکی خدمات کا مختصر جائزہ پیش کیا گیا ۔سکولوں اور کالجوں کی طالبات ملکی اور سماجی ترقی میں خواتین کے کردار کو مختلف پروگراموں کے ذریعے بڑی خوبصورتی سے اُجاگر کیا۔

متعلقہ عنوان :