ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور وفد کے ہمراہ بنکاک پہنچ گئے ،معروف گروپ کنگ پاور کے حکام سے ملاقات

دورے کا مقصد پاکستان میں غیر ملکی سیاحوں کو مزید راغب کرنے کے ساتھ سیاحتی مقامات کی بحالی انکی پہلی ترجیح ہے‘ میڈیا اور اجلاس میں گفتگو

پیر 6 مارچ 2017 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2017ء) ایم ڈی پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن چوہدری عبدالغفور وفد کے ہمراہ تین روزہ دورے پر تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک پہنچ گئے ، تھائی لینڈ میں پاکستانی سفیر سمیت وفد کے ہمراہ معروف گروپ کنگ پاور کے حکام سے ملاقات کی ۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی ڈی سی کے ایم ڈی چوہدری عبدالغفور اپنے دورے کے لیے بنکاک روانہ ہوئے تو انکے ہمراہ پاکستان میں تھائی لینڈ کے سفیر ہمراہ تھے ۔

بنکاک پہنچنے پر پاکستانی سفارتی عملے اور بنکاک کے مختلف سیاحتی اداروں کے حکام نے انکا خیر مقدم کیا۔اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری عبدالغفور کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پروہ تھائی لینڈ کے سرکاری دورے پر پہنچے ہیں اور دورے کا مقصد پاکستان میں غیر ملکی سیاحوں کو مزید راغب کرنے کے ساتھ سیاحتی مقامات کی بحالی انکی پہلی ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر کونے میں سیاحوں کے لئے بے مثال خوبصورت نظارے ہیں اور انہیں امید ہے کہ اس دورے سے وہ پاکستان میں بنکاک کے سرمایہ کاروں کو بھی سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے تاکہ وہ بھی ان خوبصورت مقامات پر سرمایہ کاری کر کے پاکستان کو سیاحوں کی جنت میں تبدیل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے اپنے دورے کے پہلے روز تھائی لینڈ کے تجارتی گروپ کنگ پاور کے دفاتر کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آبادی تقریبا 20کروڑ ہے جہاں سرمایہ کاروں کے لئے حکومت نے مثبت پالیسیوں رکھی ہیں تاکہ وہ پاکستان میں آکر سرمایہ کاری کریں۔ رواں سال سیاحت کے فروغ کے لئے انکی حکومت نے خصوصی پلان مرتب کیا ہے اورانہیں امید ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرکے ناصرف ان مواقع سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں بلکہ اس سرمایہ کاری سے تھائی لینڈ اور پاکستان کے عوام بھی قریب آئیں گے ۔

اس موقع پر پاکستان میں تھائی لینڈ کے سفیر بھی انکیہمراہ تھے۔اجلاس سے خطاب میں تھائی سفیر کا کہنا تھاکہ پاکستان کے عوام محبت کے جذبے سے سرشار ہیں اور پاکستان خوبصورت مناظر سے بھرپور ملک ہے۔جہاں سرمایہ کاری کے لئے حالات میں بہتری آ رہی ہے اور انہیں قوی یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں تھائی لینڈ کے سرمایہکار بھی سی پیک سے مستفید ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :