فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے جرات مندانہ فیصلے پر وزیراعظم نواز شریف کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں‘حاجی شاہ جی گل آفریدی

پیر 6 مارچ 2017 23:01

اسلام آباد ۔6مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2017ء) فاٹا سے رکن قومی اسمبلی حاجی شاہ جی گل آفریدی نے تجویز دی ہے کہ فاٹا کا پارلیمانی وفد افغانستان بھیجا جائے‘ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے جرات مندانہ فیصلے پر ہم وزیراعظم نواز شریف کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر حاجی شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے فاٹا اصلاحات کے حوالے سے جرات مندانہ فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ہم آئندہ چودہ اگست کے ساتھ ساتھ تین مارچ کو بھی یوم آزادی منایا کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی تین نسلیں ہمارے ساتھ جوان ہوئی ہیں ہمیں افغانستان بات چیت کے لئے بھیجا جائے۔ افغانستان کے ساتھ بھی امریکہ‘ یورپ اور مڈل ایسٹ ممالک کی طرح معاہدہ کر سکتے ہیں کہ اگر دونوں ممالک میں سے ایک دوسرے ملک کا کوئی بھی باشندہ گرفتار ہو جائے تو اسے حوالے کرنا ہوگا۔