Live Updates

فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے حکومتی فیصلے کو تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں نے سراہا ہے‘شاہ محمود قریشی

پیر 6 مارچ 2017 22:59

اسلام آباد ۔6مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2017ء) تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے حکومتی فیصلے کو تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں نے سراہا ہے‘ تحریک انصاف نے ہمیشہ قومی ایشوز پر مثبت طرز عمل کا مظاہرہ کیا ہے‘ ہمیں بھی پاکستان کے مفادات اتنے عزیز ہیں جتنے حکومت کو ہیں‘ ہم قومی ایشوز پر پوائنٹ سکورنگ نہیں کرنا چاہتے۔

پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم قومی ایشوز پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہیں کرنا چاہتے۔ ہمیں بھی پاکستان کے مفادات اتنے ہی عزیز ہیں جتنے حکومت کو ہیں۔ تحریک انصاف نے ہمیشہ قومی ایشوز پر مثبت طرز عمل کا مظاہرہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ہم نے غیر معمولی حالات کے لئے غیر معمولی اقدامات کے حوالے سے 21ویں ترمیم میں حکومت کے ساتھ تعاون کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع کا کہنا درست ہے کہ ایسی قوتیں ہیں جو افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہی ہیں۔ پشتونوں کے احساس محرومی کو اگر یہاں اجاگر نہ کریں تو اور کون سی جگہ ہے جہاں اس مسئلہ کو اٹھایا جائے۔ اگر کہیں کوتاہی ہوئی ہے تو ہمیں ہی یہ دور کرنا ہوگی۔ آپریشن ضرب عضب کے بعد بہت سے دہشتگرد افغانستان منتقل ہوگئے ہیں جہاں سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں۔

پاکستان اور افغانستان نے ہمیشہ ہمسائے کے طور پر رہنا ہے‘ افغانستان کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ پاکستان اس کے مفادات کا جس طرح تحفظ کر سکتا ہے کوئی اور نہیں کر سکتا۔ پی ایس ایل کا لاہور میں میچ پرامن انداز میں ہوا تو پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہے۔ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا اللہ کا شکر ہے۔ تاہم سکیورٹی خدشات موجود تھے۔ پاکستان انشاء اللہ رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔ حکومتیں آتی جاتی رہیں گی۔ حکومت کو جذباتی یا برہم نہیں ہونا چاہیے‘ اپنے لہجے میں نرمی پیدا کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گردشی قرضوں کا حجم ایک مرتبہ پھر 600 ارب تک پہنچ گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات