افغانستان کی طرف سے فائرنگ کا واقعہ افسوسناک ہے‘ پاکستان کے خلاف سازشوں میں بھارت ملوث ہے‘ وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی کی میڈیا سے گفتگو

پیر 6 مارچ 2017 22:20

اسلام آباد ۔6مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2017ء) وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ افغانستان کی طرف سے فائرنگ کا واقعہ افسوسناک ہے‘ پاکستان کے خلاف سازشوں میں بھارت ملوث ہے‘ پی ایس ایل فائنل میں پشاور زلمے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘ پی ایس ایل کے پرامن انعقاد سے دنیا کو یہ پیغام گیا کہ یہاں امن ہے۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کی طرف سے فائرنگ کا واقعہ افسوسناک ہے اس سے بڑا نقصان ہوا۔ پاکستان نے افغان مہاجرین کو عزت دی۔ خیال رکھا جبکہ گزشتہ تیس سالوں سے لاکھوں کی تعداد میں افغان مہاجرین ملک میں قیام پذیر ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اس طرح کے واقعہ کو باریک بینی سے دیکھنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ہمیں اپنے بارڈر کو اچھے انداز میں محفوظ بنانا ہوگا۔ پاکستان اس مسئلہ کو سفارتی سطح پر اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خرابی میں بھارت ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی پاکستان کے خلاف سازشوں میں بھارت ملوث ہے۔ اس کے باقاعدہ شواہد ہمارے پاس موجود ہیں۔ پوری دنیا کو معلوم ہونا چاہیے کہ بھارت خطے میں امن کا خواہاں نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پی ایس ایل کے فائنل پر کہا کہ اس سے پوری دنیا کو یہ پیغام گیا کہ پاکستان میں امن سے لوگ کرکٹ سے محبت رکھتے ہیں۔ پشالور زلمے کی جیت پر مبارکباد دیتا ہوں جو لوگ پی ایس ایل کی مخالفت کر رہے تھے ان کو احساس ہونا چاہیے کہ جو مخالفت کی گئی وہ غلط ہے۔