رینٹل پاور کرپشن ریفرنسز، راجہ پرویز اشرف کی یونگ جن ریفرنس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

پیر 6 مارچ 2017 17:55

سلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2017ء) رینٹل پاور کرپشن ریفرنسز، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی یونگ جن ریفرنس میں عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز احتساب عدالت کے جج نثار بیگ نے رینٹل پاور کرپشن ریفرنسزکی سماعت کی۔ سماعت کے دوران سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی یونگ جن ریفرنس میں عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی جسے فاضل جج نے منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کو عدالت حاضری سے مستثنیٰ قرار دیدیا۔

دریں اثناء عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو گلف رینٹل پاور کیس کی مؤرخہ 15 مارچ کو ہونے والی سماعت میں حاضری یقینی بنانے کا حکم جار ی کر دیا۔ عدالت نے راجہ پرویز اشرف کو گلف رینٹل پاور کیس میں عدالت طلب کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر وہ اپنی حاضری یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

سماعت کے بعد سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جب بھی عدالتوں نے طلب کیا ہم بلا حیل وحجت پیش ہوئے لیکن پانامہ کیس نے ثابت کر دیا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے لیے الگ الگ معیار مقرر ہے،میرے اوپر کوئی الزام لگتا ہے تو ایف آئی اے اور نیب حرکت میں آ جاتے ہیںجبکہ شریف برادران کو کسی ادارے نے طلب نہیں کیا، ہمارے خلاف الزامات لگائے جائیں تو میڈیا کے زریعے ہماری کردار کشی کی جاتی ہے ۔ انہوں نے پر شکوہ لہجے میں یہ بھی کہا کہ سابق چیف جسٹس نے اپنے بیٹے کے لیے توکمیشن بنا دیا لیکن ہماری درخواست پر توہین عدالت لگا دی گئی۔