کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کاروائی : کراچی میں لشکر جھنگوی کا دہشت گرد ہلاک اور 4 گرفتار‘بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 6 مارچ 2017 13:18

کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کاروائی : کراچی میں لشکر جھنگوی کا دہشت ..
 کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 مارچ۔2017ء) کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کورنگی میں کارروائی کے دوران لشکر جھنگوی کا ایک دہشت گرد ہلاک اور 4 کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرلیا ہے۔کراچی میں کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب کورنگی کے علاقے مہران ٹاون کے ایک گھر پر چھاپہ مارا، اہلکاروں کو دیکھ کر گھر میں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ کردی،جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جب کہ 4 کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایس ایس پی عمر شاہد نے صحافیوں کو بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے 500 کلو سے زائد بارود ، خودکش جیکٹس اور راکٹ لانچر برآمد ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ہلاک اور گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی العالمی کےنعیم بخاری گروپ سے ہے، ہلاک دہشت گرد کی شناخت دلدار عرف چاچا کے نام سے ہوئی ہے جب کہ گرفتار دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے انچارج راجا عمر خطاب نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد دلدارعرف چاچا ایک اور دہشت گرد اسحاق عرف بوبی کا چچا ہے، دلدار کالعدم تنظیم کے نعیم بخاری سیل کا امیر تھا، دلدار نے ہی شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم کے گھر پر حملے کے لیے خودکش بمبار کی گاڑی تیار کی تھی۔ اس کے علاوہ وہ پاک بحریہ کے اہلکاروں کی بس پر حملے سمیت دہشتگردی کی دیگر وارداتوں میں بھی ملوث تھا۔دوسری جانب آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔